NationalPosted at: Mar 29 2025 7:50PM ہندوستان نے میانمار کے لیے آپریشن برہما شروع کیا
نئی دہلی، 29 مارچ (یو این آئی) ہندوستان نے میانمار میں تباہ کن زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے لوگوں کو بچانے کے لیے آپریشن برہما شروع کیا ہے، جس کے تحت نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے 80 اہلکاروں کی ایک ٹیم اور 50 ٹن سے زیادہ امدادی سامان ہندوستانی فضائیہ اور فضائی جہازوں کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔
یہ جانکاری وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج شام یہاں تینوں افواج اور این ڈی آر ایف کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں دی۔
مسٹر جیسوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے میانمار میں اس تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کی خبر پر کل میانمار کے حکمران سینئر جنرل تھری سیتھو تھیری تھودھما من آنگ ہلینگ سے ٹیلی فون پر بات کی اور اس بحران کی گھڑی میں میانمار کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ میانمار کے شہریوں کی مدد کرے گا۔