NationalPosted at: May 15 2025 5:54PM شاریہ فاطمہ شروانی کو اُردو میں صد فی صد نمبر ملنے پر ’اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن‘ کی مبارکباد

نئی دہلی، 15 مئی (یواین آئی) اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نےسی بی ایس ای بورڈ کی دسویں جماعت میں معروف صحافی صادق شروانی کی بیٹی شاریہ فاطمہ شروانی کو بطور حوصلہ افزائی اس کے گھر جاکر مبارکباد پیش کی واضح ہو کہ اردو میں شاریہ فاطمہ شروانی نے صد فی صد نمبر حاصل کرکے نہ صرف ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ اردو کے حوالے سے منفی سوچ رکھنے والوں کو آئینہ دکھانے کا بھی کام کیا ہے۔ اسی طرح تہاڑ جیل میں تعینات محکمہ آیوش، حکومت دہلی کے سی ایم او یونانی ڈاکٹر حبیب اللہ کے بیٹے عمر حبیب نے 96 فیصد نمبرات حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ سینئر صحافی سیّد اظہارالحسن کے بیٹے سامق رضا نے بھی دہلی ایئرفورس اسکول کے بارہویں جماعت میں 88.4 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں۔
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے مذکورہ بالا طالب علموں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور 9 نومبر ’عالمی یوم اردو‘ کے موقع پر ملت کے مزید کامیاب ہونہار طلبا کی حوصلہ افزائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ایف اے