NationalPosted at: Apr 2 2025 8:49PM وزارتِ تعلیم نے اسکولوں میں آٹزم اسپیکٹرم مرض میں مبتلا بچوں کے لیے معاونت کے نظام کو مضبوط بنا کر جامع تعلیم کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا
نئی دہلی، 02 اپریل (یواین آئی)عالمی یومِ بیداری برائے آٹزم (2 اپریل 2025) کے موقع پر، حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم نے اسکولوں میں آٹزم اسپیکٹرم مرض میں مبتلا بچوں کے لیے معاونت کے نظام کو مزید مضبوط بنا کر جامع تعلیم کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بلاک ریسورس سینٹرز (بی آر سیز)کے ذریعے، حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ آٹزم اسپیکٹرم مرض (اے ایس ڈی) میں مبتلا بچوں کو ضروری تھیراپی خدمات، خصوصی مشورے، اور تعلیمی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔
مرکز کی طرف سے شروع کی گئی اسکیم سمگر شِکشا کے تحت، بی آر سیز مخصوص وسائل کے مراکز کے طور پر کام کر رہے ہیں، جہاں معذور بچوں (سی ڈبلیو ایس این) کی جسمانی، ذہنی، اور ابلاغی ضروریات کی تکمیل کے لیے ضروری تھیراپی پر مبنی مداخلت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان میں شامل ہیں:
اوکوپیشنل تھراپی: بچوں کو حرکتی اعصاب کی عمدہ مہارتیں، ہاتھ سے آنکھ کی ہم آہنگی، اور روزمرہ کی سرگرمیوں میں آزادی پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
فزیوتھراپی: نقل و حرکت کے چیلنجوں، جسمانی حالت کو بہتر بنانے، پٹھوں کی طاقت، اور جسمانی ہم آہنگی کے ساتھ بچوں کی مدد کرتا ہے۔
بولنے اور رابطے سے متعلق تھراپی: تاخیر سے بولنے، بات چیت میں دشواری، یا سماجی تعامل کے چیلنجوں والے بچوں کی مدد کرتی ہے، خاص طور پر آٹزم کے شکار بچوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
نفسیاتی اور طرز عمل کی معاونت: اعتماد، سماجی تعامل اور فلاح و بہبود کو بڑھانے کے لیے جذباتی اور طرز عمل سے متعلق مشاورت فراہم کرتا ہے۔
بی آر سیز کا عملہ تربیت یافتہ متعلقہ اہلکار، خصوصی معلمین، اور معالجین پر مشتمل ہوتا ہے جو بچوں کے لیے ذاتی اختراع کے منصوبے بنانے کے لیے والدین، اساتذہ اور دیکھ بھال کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
یہ مراکز باقاعدگی سے اسکریننگ کیمپس، والدین کی مشاورت کے اجلاس، اورینٹیشن/ٹیچر ٹریننگ پروگرام، معاون آلات، مناسبتعلیم سے متعلق مواد (ٹی ایل ایم)، اور امدادی سامان اور آلات وغیرہ کا بھی اہتمام کرتے ہیں تاکہ جامع تعلیم کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کو یقینی بنایا جا سکے۔
جیسا کہ قومی تعلیمی پالیسی(این ای پی) 2020 میں کہا گیا ہے، حکومت کلاس روم تعلیم کے ساتھ تھراپی خدمات کو مربوط کرکے اور پورے ملک میں سی ڈبلیو ایس این کے لیے قابل رسائی بنیادی ڈھانچہ، معاون آلات، اور تعلیم کے دجیٹل سازو سامان کو یقینی بنا کر ان جامع تعلیمی ماحول کو مسلسل مضبوط کر رہی ہے۔
ریاستی اور ضلعی تعلیمی حکام کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ وسائل کے مراکز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور مقامی صحت اور سماجی بہبود کے محکموں کے ساتھ بھی تعاون کریں تاکہ متنوع ضروریات والے بچوں کی مدد کو مزید وسعت دی جا سکے۔
آٹزم سے متعلق بیداری کے اس عالمی دن پر، وزارت، اسکولوں، معلمین اور والدین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سی ڈبلیو ایس این کے لیے بی آر سیز کی خدمات کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور آٹزم اسپیکٹرم میں مبطلا بچوں کی بیداری، قبولیت اور بامعنی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں۔
یواین آئی۔ م س