OthersPosted at: Nov 8 2025 5:18PM بہار کو مجرموں کی نہیں، ترقی کی حکومت کی ضرورت: یوگی

مشرقی چمپارن، 8 نومبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اسٹار پرچارک اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بہار کے لوگوں کو مجرم نہیں بلکہ ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو ترقی کی ہوائیں لائے اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت اس کے لیے موزوں ہے این ڈی اے امیدوار پرمود کمار کی حمایت میں موتیہاری میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار نے پہلے ہی ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں یہ اشارہ دے دیا ہے کہ اسے اب لالٹین کی مدھم روشنی کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ ایک ایسا بہار چاہئے جو این ڈی اے کی ایل ای ڈی روشنی میں چمکتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب 14 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا تو این ڈی اے ایک بار پھر اچھی حکمرانی، ترقی اور سلامتی کی حکومت بنائے گی۔ بہار کو مجرموں کی نہیں ترقی کی حکومت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی سرزمین ہے جس نے ماں جانکی کو پناہ دی، موہن داس کرم چند گاندھی کو مہاتما بنایا اور ہندوستان کو آزادی کا راستہ دکھایا۔ ستیہ گرہ کی یہ سرزمین قوم کے دفاع کے لیے ہتھیار اٹھانے کے مطالبے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرزمین نالندہ کے علم کا سرچشمہ رہی ہے، آچاریہ چانکیہ، آریہ بھٹ، بھگوان بدھ اور بھگوان مہاویر جیسی عظیم ہستیوں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بہار خواندگی میں پیچھے ہے، یہ گناہ کانگریس اور آر جے ڈی حکومتوں کے سر ہے۔ انہوں نے بہار کے ہنر اور ذہانت کا فائدہ اٹھایا، بہار کو اپنے مفادات کے لیے پسماندہ رکھا۔
یواین آئی۔ ظ ا