RegionalPosted at: Jun 15 2025 5:12PM اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں سات لوگوں کی موت

رودرپریاگ/دہرادون، 15 جون (یو این آئی) اتراکھنڈ میں رودرپریاگ کے گوری کنڈ علاقے میں اتوار کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں پائلٹ سمیت سات لوگوں کی موت ہو گئی ہیلی کاپٹر پانچ عقیدت مندوں اور مندر کمیٹی کے ایک ملازم کو بابا کیدارناتھ کے درشن کرانے کے بعد واپس لا رہا تھا کہ خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں پائلٹ سمیت تمام سات لوگوں کی موت ہوگئی مرنے والوں میں ایک 23 ماہ کی لڑکی بھی شامل ہے۔ یہ خاندان مہاراشٹر کا رہنے والا تھا۔
ہیلی سروس کے نوڈل افسر راہل چوبے نے بتایا کہ آرین ایوی ایشن کمپنی کا ہیلی کاپٹر وی ٹی بی کے اے/بی ای ایل ایل 407 آج صبح تقریباً 5.30 بجے گوری کنڈ علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر گوری مائی کھرک کے اوپر جنگل میں گرا۔ حادثے کی وجہ خراب موسم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کیدارناتھ دھام سے گپت کاشی جا رہا تھا۔ گوری کنڈ کے اوپر گھاس کاٹ رہی نیپالی نژاد خواتین نے اس حادثے کی اور غبار اٹھنے کی اطلاع دی تھی۔
رودرپریاگ کے ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نندن سنگھ راجوار نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر صبح 5:21 بجے کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے روانہ ہوا تھا اور صبح 5:24 بجے اسے ویلی پوائنٹ کے قریب دیکھا گیا۔ اس وقت علاقے میں شدید دھند تھی جس کی وجہ سے حد نگاہ صفر تھی۔ صبح 6:13 بجے ہیلی کاپٹر کمپنی نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر گپت کاشی نہیں پہنچا۔ جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو فعال کر دیا گیا۔ جس میں ایس ڈی آر ایف کی چھ ٹیمیں، این ڈی آر ایف کی آٹھ ٹیمیں اور ضلع ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی ٹیم کے ساتھ 22 پولیس اہلکار شامل تھے۔ یہ تمام راحت اور بچاؤ ٹیمیں جائے حادثہ گوری کنڈ سے تقریباً پانچ کلومیٹر اوپر واقع گوری میں کھرک نامی جگہ پر پہنچ گئیں، جہاں تلاش اور بچاؤ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کی لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں۔
مسٹر رجوار نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کل سات افراد سوار تھے۔ ان میں پائلٹ اور ایک بچے سمیت 06 بالغ افراد شامل تھے۔ ان سب کی اس حادثے میں موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت کیپٹن راجبیر سنگھ چوہان، پائلٹ (45)، ونود دیوی (66)، ترشٹی سنگھ (19)، راج کمار (41)، شردھا (35) کاشی (02) کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ فارنسک ٹیم اور ڈی این اے سیمپلنگ ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ مسٹر رجوار نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کی گئی ہیں۔ اس کے لیے اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر 0135-2710334، 9058441404 1070 (ٹول فیس) اور رودرپریاگ ہیلپ لائن نمبر - 8958757335، 01364-233727 جاری کیے گئے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔