OthersPosted at: Jan 21 2026 11:19AM شیئر بازاروں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری، سینسیکس میں 500 پوائنٹس سے زائد کی کمی

ممبئی، 21 جنوری (یو این آئی) عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی کی صورتحال کے درمیان بدھ کو ابتدائی کاروبار میں گھریلو شیئر بازاروں میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی، جہاں بی ایس ای کا سینسیکس 500 پوائنٹس سے زیادہ نیچے آ گیا۔
روپے پر مسلسل دباؤ کا اثر بھی بازار پر نظر آ رہا ہے۔ ہندوستانی کرنسی اس وقت 40 پیسے کی کمی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہے۔
سینسیکس 385.82 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 81,794.65 پوائنٹس پر کھلا۔ کھلنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ سبز نشان میں چلا گیا، لیکن اس کے بعد فروخت کا دباؤ بڑھ گیا۔ تادم تحریر سینسیکس گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے میں 501.97 پوائنٹس (0.61 فیصد) نیچے آ کر 81,678.50 پوائنٹس پر تھا۔
اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس 91.50 پوائنٹس ٹوٹ کر 25,141 پوائنٹس پر کھلا۔ تادم تحریر نفٹی بھی 134.75 پوائنٹس یعنی 0.55 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 25,097.75 پوائنٹس پر رہا۔
شیئر بازار میں مسلسل تیسرے دن گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے شیئرز میں بھی فروخت کا رجحان رہا ہے۔
آئی ٹی، رئیلٹی، پائیدار صارفین کی مصنوعات، مالیاتی اور کیمیائی شعبوں کی کمپنیوں میں فروخت زیادہ رہی، جبکہ فارما، صحت، دھات، سرکاری بینک اور تیل و گیس شعبوں کے انڈیکس سبز نشان میں رہے۔
سینسیکس میں گراوٹ کا زیادہ اثر آئی سی آئی سی آئی بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، انفوسس، ایل اینڈ ٹی اور بی ای ایل کے شیئرز پر پڑا، جبکہ سن فارما، الٹراٹیک سیمنٹ اور ٹاٹا اسٹیل کے شیئرز میں تیزی برقرار رہی۔
یو این آئی۔ این یو۔