RegionalPosted at: Feb 14 2025 6:31PM ہندوستان اولمپکس کی میزبانی کے لیے تیار: شاہ

نینی تال، 14 فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک میں کھیلوں کے تئیں ماحول بدل دیا ہے اور ملک میں کھیلوں کی سہولیات میں بے مثال اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان سال 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ہندوستان نے اپنا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔
مسٹر شاہ آج اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں 38ویں قومی کھیلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی کے طور پر ملک کے کھلاڑیوں اور کھیل کے شائقین سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے قومی کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے اتراکھنڈ حکومت اور آرگنائزنگ کمیٹی کی تہہ دل سے تعریف کی۔
تمغوں کی سنچری بنانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں نے دیو بھومی کو کھیلوں کے میدان میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہ بڑے فخر کی بات ہے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے اقتدار میں آتے ہی ملک میں کھیلوں کے تئیں رویہ بدل گیا ہے۔ کھیلو انڈیا اور فٹ انڈیا کے ساتھ کھیلوں کی سہولیات تیار کرکے وزیر اعظم نے کھیلوں کے تئیں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے جوش میں اضافہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان کا غلبہ بڑھ گیا ہے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ جب وزیر اعظم مودی 2014 میں اقتدار میں آئے تھے تو کھیلوں کا بجٹ 800 کروڑ روپے تھا لیکن آج یہ 3800 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ یہ کھیلوں کے تئیں وزیر اعظم کے متحرک نقطہ نظر کی علامت ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا