NationalPosted at: Jul 10 2026 2:57PM ریکھا گپتا نے مانڈی مارگ کو قومی شاہراہ قرار دینے کی گڈکری سے کی گزارش

نئی دہلی، 10 جولائی (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری سے جنوبی دہلی کے اہم مانڈی روڈ کو قومی شاہراہ قرار دینے کی گزارش کی ہے محترمہ گپتا نے جمعہ کو مسٹر گڈکری کو خط لکھ کر 8.8 کلومیٹر طویل اس اسٹریٹجک روڈ کوریڈور کی ترقی کا کام نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کو سونپنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے دہلی-این سی آر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا اور علاقائی اقتصادی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مانڈی روڈ چھترپور میٹرو اسٹیشن کے پاس مہرولی-گروگرام روڈ (این ایچ-148اے) کو دہلی-ہریانہ سرحد پر گروگرام-فرید آباد روڈ سے جوڑتا ہے۔ یہ راستہ دہلی، گروگرام اور فرید آباد کے درمیان ایک اہم رابطہ کڑی کے طور پر کام کرتا ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں بین ریاستی گاڑیوں کی آمد و رفت اسی سڑک سے ہوتی ہے۔ اس لیے اس سڑک کی اپ گریڈیشن اور بہتر انتظام وقت کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یونیفائیڈ ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ سینٹر (یو ٹی ٹی آئی پی ای سی) کی گورننگ باڈی نے 27 ستمبر 2023 کو منعقدہ اپنی 68 ویں میٹنگ میں مانڈی روڈ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی چوڑائی اور جامع ترقی کی تجویز کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی اسٹریٹجک اہمیت، موجودہ اور مستقبل کی ٹریفک ضروریات اور قومی شاہراہ-148اے سے اس کے براہ راست تعلق کو دیکھتے ہوئے اسے این ایچ اے آئی کے تحت لانا مناسب ہوگا۔
انہوں نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ مانڈی روڈ کو قومی شاہراہ قرار دے کر اس کی ترقی کی ذمہ داری این ایچ اے آئی کو سونپی جائے، تاکہ مربوط منصوبہ بندی، یکساں انجینئرنگ کے معیار اور وقت کے پابند طریقے سے اس اہم سڑک کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس قدم سے مسافروں کو زیادہ محفوظ اور ہموار سفر کا فائدہ ملے گا، دہلی-این سی آر کا رابطہ نظام مضبوط ہوگا اور علاقائی اقتصادی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس تجویز پر مثبت فیصلے اور مرکزی حکومت کے مسلسل تعاون کی امید کا اظہار کیا۔
یو این آئی۔ ایف اے