OthersPosted at: Aug 5 2026 4:46PM ریزرو بینک نے پالیسی سود کی شرح 5.25 فی صد پر برقرار رکھی، اقتصادی ترقی کے تخمینے کو بڑھایا

ممبئی، 5 اگست (یواین آئی) ریزرو بینک آف انڈیا نے فوری ادھار کے لیے اپنی پالیسی سود کی شرح کو موجودہ ملکی اور عالمی حالات کے مدنظر 5.25 فیصد پر برقرار رکھا ہے اور ملکی معیشت کی صورتحال کو پہلے سے بہتر بتایا ہے مرکزی بینک نے ملک کی اقتصادی ترقی اور خوردہ مہنگائی کی شرح کے بارے میں اپنے جون کے تخمینوں میں اصلاح کرتے ہوئے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں ترقی کے تخمینے کو 6.7 فیصد اور افراط زر کے تخمینے کو کم کرکے پانچ فیصد کر دیا ہے۔ ریزرو بینک نے جون میں ترقی کی شرح کے تخمینے کو پہلے کے 6.9 فیصد سے گھٹا کر 6.6 فیصد اور افراط زر کے تخمینے کو بڑھا کر 5.1 فیصد کر دیا تھا۔
آر بی آئی گورنر سنجے ملہوترا نے ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے دو ماہی اجلاس کے بعد یہاں بدھ کو جاری کردہ پالیسی بیان میں کہا کہ "عالمی اقتصادی حالات اور جذبات اب بھی مغرب ایشیا اور دیگر علاقوں میں تیزی سے بنتے بگڑتے حالات کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ ان کا ہندستان کی گھریلو اقتصادی ترقی اور افراط زر کے امکانات پر اثر پڑا ہے لیکن ملک کی میکرو اکنامک بنیاد پہلے سے مضبوط ہوئی ہے اور اس سے معیشت کو عالمی جھٹکوں کے درمیان اپنے راستے پر مضبوطی سے آگے بڑھنے میں مدد مل رہی ہے۔"
مسٹرملہوترا نے کہا کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا بہاؤ پہلی سہ ماہی میں مضبوط رہا ہے، جون اور جولائی میں خاص طور پر سیکیورٹیز مارکیٹ میں غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں قرض کے بہاؤ کی صورتحال مضبوط ہے۔
آر بی آئی گورنر نے اربن کوآپریٹو بینک کھولنے کے لائسنس کے لیے قواعد و ضوابط کا مسودہ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا، ساتھ ہی دیہی کوآپریٹو بینکوں کے لیے رہنما خطوط کا مسودہ جاری کرنے کے فیصلے کی اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کی صورتحال مضبوط ہے اور یہ اس وقت 10 ماہ کی برآمدات اور 91 فیصد غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے کافی سطح پر ہے۔
مسٹرملہوترا نے کہا کہ ریزرو بینک غیر ملکی زر مبادلہ کی شرح کو کسی خاص سطح پر رکھنے کا ہدف نہیں رکھتا لیکن مارکیٹ میں سٹا بازی کی سرگرمیوں کے باعث ہونے والے کسی بھی غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے اس کے پاس خاطرخواہ مانیٹری اور ریگولیٹری وسائل دستیاب ہیں۔
آر بی آئی گورنر نے کہا کہ ریزرو بینک اقتصادی ترقی کے امکانات کو مضبوط کرنے اور قیمتوں کے استحکام کے ذریعے صارفین کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھاتا رہے گا۔
یواین آئی۔الف الف