NationalPosted at: Jul 12 2025 3:14PM سولہویں روزگار میلے میں 51000 تقرری نامے تقسیم کیے جائیں گے

نئی دہلی، 12 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی آج 16ویں روزگار میلے کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں نئی تقرری پانے والے نوجوانوں کو 51,000 سے زائد تقرری نامے تقسیم کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم مودی نو منتخب ملازمین سے خطاب بھی کریں گے۔
یہ پروگرام آج صبح 11 بجے شروع ہونے کا امکان ہے اور اس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی تعمیر میں ان کی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، روزگار میلہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو زیادہ ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عزم کی تکمیل کی سمت ایک قدم ہے۔
روزگار میلہ نوجوانوں کو با معنی مواقع فراہم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اب تک ملک بھر میں منعقدہ روزگار میلوں کے ذریعے 10 لاکھ سے زیادہ تقرری نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔
یہ روزگار میلہ ملک بھر میں 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا، یہ تقرریاں مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں میں کی جا رہی ہیں۔ ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے ملازمین وزارت ریلوے، وزارت داخلہ، محکمہ ڈاک، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت ، محکمہ مالیاتی خدمات، محنت و روزگار کی وزارت اور دیگر محکموں اور وزارتوں میں شامل ہوں گے۔
یو این آئی۔ این یو۔