InternationalPosted at: Feb 14 2025 10:01PM صوبہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 دہشت گردہلاک

اسلام آباد، 14 فروری (یو این آئی) پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں الگ الگ کارروائیوں میں تیرہ دہشت گرد مارے گئے۔
جمعہ کو پاک فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان، لکی مروت اور خیبر پختونخوا کے اضلاع میں آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ شمالی وزیرستان میں دو مختلف مقابلوں میں پانچ شدت پسند مارے گئے۔ لکی مروت ضلع میں ایک اور مقابلے میںسیسکیورٹی فورسز نے دو دیگر عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کے علاوہ صوبہ کے ضلع خیبر میں انسداد دہشت گردی کی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے۔ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
یواین آئی ، م ش