InternationalPosted at: Nov 8 2025 7:35PM پاکستان۔افغانستان مذاکرات بے نتیجہ ختم، خواجہ آصف نے مذاکراتی عمل رکنے کی تصدیق کر دی

اسلام آباد، 8 نومبر (یو این آئی) پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پار دہشت گردی کی نگرانی اور روک تھام کے طریقہ کار پر اختلافات کے باعث مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ مذاکرات ’غیر معینہ مدت کے مرحلے‘ میں داخل ہو چکے ہیں ڈان کی رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ افغان وفد استنبول میں کسی تحریری معاہدے پر دستخط کے لیے تیار نہیں تھا ایک سینئر سیکیورٹی ذریعے نے تصدیق کی کہ بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی ہے، استنبول میں مذاکرات بند گلی میں پہنچ چکے ہیں۔
تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک کمزور جنگ بندی اب بھی برقرار ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی فی الحال قائم ہے، لیکن خبردار کیا کہ جس لمحے ان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوگی، ہم بھرپور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی ناقابلِ قبول مطالبات پیش کیے تو یہ محض راہِ فرار ہے، کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایک ہی بنیادی مطالبہ ہے، اور وہ ہے ’افغان سرزمین سے حملوں کا خاتمہ‘۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جمعرات کو استنبول میں شروع ہوا تھا اور دو دن تک جاری رہا تھا۔
یواین آئی۔ م س