RegionalPosted at: Aug 6 2026 10:34AM چھتیس گڑھ میں 156 کھلاڑیوں کو بہترین کھلاڑی کا درجہ، برسوں سے زیر التوا انتخابی عمل مکمل
رائے پور، 6 اگست (یو این آئی) چھتیس گڑھ حکومت نے سال 2018-19 اور 2019-20 کے لیے 156 کھلاڑیوں کو بہترین کھلاڑی کا درجہ دیتے ہوئے انتخابی فہرست بدھ کی دیر رات جاری کر دی۔ اس کے ساتھ ہی 2016 سے زیر التوا اس عمل کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ منتخب کھلاڑی ریاست کے 20 مختلف کھیلوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
محکمہ کھیل کے مطابق دونوں برسوں کے لیے مجموعی طور پر 783 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سال 2018-19 کی 344 اور سال 2019-20 کی 439 درخواستیں شامل تھیں۔ ابتدائی جانچ کے بعد 651 درخواستیں چھان بین کے لیے اہل پائی گئیں۔ اس کے بعد اعلیٰ سطحی کمیٹی کی جانب سے حتمی جانچ کے بعد 156 کھلاڑیوں کا بہترین کھلاڑی کے طور پر انتخاب کیا گیا۔
بہترین کھلاڑی کا درجہ ملنے کے بعد منتخب کھلاڑیوں کو ریاستی حکومت کے مختلف محکموں میں مخصوص عہدوں پر تقرری کا موقع ملے گا۔ ریاستی حکومت نے سرکاری محکموں میں 2 فیصد عہدے بہترین کھلاڑیوں کے لیے مختص کر رکھے ہیں۔ طویل عرصے سے انتخابی فہرست جاری نہ ہونے کی وجہ سے ان مخصوص عہدوں پر تقرری کا عمل متاثر ہو رہا تھا۔
جن کھیلوں کے کھلاڑیوں کو بہترین کھلاڑی کا درجہ دیا گیا ہے، ان میں تیر اندازی، بیڈمنٹن، شمشیر زنی، ہاکی، کراٹے، کیکنگ-کینوئنگ، پیرا ایتھلیٹکس، پیرا تیراکی، سافٹ ٹینس، ووشو، باسکٹ بال، ہینڈ بال، نیٹ بال، سماعت سے محروم افراد کی تیراکی، وہیل چیئر شمشیر زنی اور سافٹ بال سمیت مجموعی طور پر 20 کھیل شامل ہیں۔
یو این آئی۔ ایم جے