OthersPosted at: Aug 13 2026 10:40AM سنگاپور پرچم بردار کنٹینر جہاز نے ڈائمنڈ ہاربر کے قریب ہگلی کے پشتے کو ٹکر مار دی
کولکاتا، 13 اگست (یو این آئی) سنگاپور کے پرچم والے ایک کنٹینر بردار جہاز نے بدھ کو جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے ڈائمنڈ ہاربر کے نزدیک نورپور میں ہگلی ندی کے پشتے سے ٹکر مار دی، جس کے بعد مصروف دریائی راستے پر بحری آمدورفت کی سلامتی کو لے کر تشویش بڑھ گئی ہے۔
مقامی اور انتظامی ذرائع کے مطابق ’ناؤتاووم‘ نامی جہاز سنگاپور سے سامان لے کر کولکاتا بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا۔ مدوجزر کے دوران نورپور فیری گھاٹ کے قریب اچانک خرابی پیدا ہونے کے بعد جہاز مبینہ طور پر اپنا راستہ بدل بیٹھا اور پونٹون کے قریب ندی کے پشتے سے جا ٹکرایا۔
ٹکر کے بعد ندی کے پشتے میں دراڑیں پڑ گئیں۔ اس سے آس پاس کے دیہی علاقوں میں پانی داخل ہونے کے خدشے کے باعث مقامی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ جہاز ابھی جائے وقوعہ پر ہی موجود ہے۔
افسران اور مقامی لوگوں کے مطابق ٹکر کے وقت فیری گھاٹ پر کوئی مسافر بردار لانچ موجود نہیں تھی، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ نورپور فیری راستہ اس علاقے کو کُکڑاہاٹی، گیوکھالی اور گادیارا سے جوڑتا ہے اور روزانہ ہزاروں مسافر اس راستے کا استعمال کرتے ہیں۔
یو این آئی ایم جے