OthersPosted at: Jan 10 2026 1:17PM آسام حکومت پاکستانی شہری علی توقیر شیخ پر جنوری میں ایس آئی ٹی رپورٹ جاری کرے گی: سرما
گوہاٹی، 10 جنوری (یو این آئی) آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری علی توقیر شیخ اور دیگر کے خلاف خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تحقیقات کی مکمل رپورٹ جنوری میں جاری کر دی جائے گی۔
انہوں نے جمعہ کو نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑی سازش ہے جس کے بارے میں آسام کے لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے اور اس معاملے کی تحقیقات کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔ مسٹر سرما نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ ریاست کے پاس اس وقت موجود دستاویزات محض ایک آغاز ہیں اور ریاستی پولیس فورس کی رسائی تمام مادی شواہد تک نہیں ہو سکے گی۔ ایک بار معاملہ قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) کے سپرد کر دیے جانے کے بعد تحقیقات کا دائرہ کافی وسیع کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے تحقیقات میں ریاستی حکام کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ایجنسیوں نے اب تک کے نتائج کو یکجا کرنے میں قابل ستائش کام کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل مسٹر سرما نے دعویٰ کیا تھا کہ شیخ نے کم از کم 18 بار ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ آسام کابینہ نے 17 فروری 2025 کو شیخ اور اس کے ساتھیوں کی ہندوستان مخالف سرگرمیوں کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ آسام کابینہ نے ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کو بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت ملزم کے خلاف معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔
یو این آئی۔ م ک