NationalPosted at: Aug 6 2026 2:17PM انڈیا بلاک کا پارلیمنٹ کے باہر ایک بار پھر زبردست احتجاج، رام مندر فنڈز اور طلباء پر لاٹھی چارج پر امت شاہ سے جواب کا مطالبہ

نئی دہلی، 06 اگست (یو این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے 'انڈیا' بلاک نے جمعرات کو مرکز کے خلاف اپنے حملوں کو تیز کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے مکر دوار پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے رام مندر کے چندے میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات اور امتحانات سے متعلق مسائل پر احتجاج کرنے والے طلباء کے خلاف پولیس کی مبینہ زیادتیوں پر جواب دینے کا مطالبہ کیا اس مظاہرے میں کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے، کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا، سماجوادی پارٹی، ترنمول کانگریس اور دیگر انڈیا بلاک کے اتحادی ارکان نے شرکت کی۔
مکر دوار کے قریب جمع ہو کر اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے نعرے بازی کی اور پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ کی موجودگی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر ملک سے متعلق مسائل سے بھاگنے کا الزام لگایا۔
ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے اور "امت شاہ جواب دو" اور "گرہ منتری سدن میں آؤ" جیسے نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ ایودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر کے لیے جمع کیے گئے عوامی چندے کے مبینہ غلط استعمال اور طلباء کے خلاف پولیس کارروائی سے متعلق سوالات کے جوابات دینے کے لیے پارلیمنٹ ہی مناسب فورم ہے۔