NationalPosted at: Jul 8 2026 1:01PM سابق ایم ایل اے دیپ یادو کے خلاف منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی کے جھانسی، لکھنؤ میں چھاپے
نئی دہلی، 08 جولائی (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، الٰہ آباد زونل آفس نے جھانسی کے گرؤٹھا اسمبلی حلقہ سے سابق ایم ایل اے دیپ نارائن سنگھ یادو اور ان کے ساتھیوں کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں جھانسی اور لکھنؤ میں متعدد مقامات پر تلاشی مہم (چھاپہ ماری) شروع کی ہے۔
یہ تحقیقات اتر پردیش ویجیلنس اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے سابق ایم ایل اے کے پاس مبینہ طور پر آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے معاملے میں درج کی گئی ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر ای ڈی کے ذریعے درج انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) پر مبنی ہے۔
ای ڈی کی ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ رئیل اسٹیٹ، تعمیرات اور دیگر کاروباروں میں شامل کمپنیوں اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپس (ایل ایل پیز) کے نیٹ ورک کے ذریعے جرائم سے کمائی (پروسیڈز آف کرائم) کی گئی اوررقم کوجائز بنایا گیا۔