NationalPosted at: May 6 2026 1:39PM ہندوستانی کمپنیوں کا امریکہ میں 20.5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا منصوبہ، گور نے کی تعریف
نئی دہلی، 6 مئی (یو این آئی) ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے بدھ کو کہا کہ ہندوستانی کمپنیوں نے ان کے ملک میں 20.5 ارب ڈالر سے زیادہ کا منصوبہ بنایا ہے جس سے امریکہ میں بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
مسٹر گور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں جو سرمایہ کاری کی گئی اس کا پھل مل رہا ہے۔ ہندوستانی کمپنیوں کا ٹیک، مینوفیکچرنگ اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں 20.5 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ اس میں 12 ہندوستانی کمپنیوں کے ذریعے آج (منگل کو) اعلان کردہ 1.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ میں 12 ہندوستانی کمپنیوں نے امریکہ میں کل 1.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سفیر نے لکھا کہ ان تعاون سے امریکہ میں واقعی روزگار پیدا ہو رہے ہیں اور مضبوط سپلائی چین تیار ہو رہی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ممالک مل کر کاروبار کرتے ہیں تو دونوں کا فائدہ ہوتا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔