NationalPosted at: Dec 13 2025 1:18PM برلا نے پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی، 13 دسمبر (یو این آئی) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سال 2001 میں ہندوستانی پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں جان گنوانے والے سکیورٹی اہلکاروں اور ملازمین کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
مسٹر برلا نے پارلیمنٹ پر حملے کی برسی کے موقع پر ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’’سال 2001 میں ہندوستان کی پارلیمنٹ پر ہوئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں شہادت پانے والے ہمارے بہادر سکیورٹی اہلکاروں اور فرض شناس ملازمین کی عظیم قربانی کو کوٹِی کوٹِی نمن۔ جمہوریت کے اس اعلیٰ ترین ادارے کی حفاظت کرتے ہوئے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں، ہم ان کے ہمیشہ مشکور رہیں گے۔ ملک کے تئیں ان کی بے مثال وفاداری ہمیں مسلسل حوصلہ اور ترغیب دیتی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’ان امر مجاہدوں نے جس بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ نہ صرف فرض شناسی بلکہ جمہوری اقدار اور قومی سلامتی کے تئیں ہندوستان کی ناقابل تسخیر قوت ارادی کی علامت ہے۔۔ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ مضبوطی سے ڈٹا رہا ہے۔ ملک کی یکجہتی، سالمیت، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہماری اجتماعی وابستگی محض ایک رسمی اعلان نہیں، بلکہ ایک طاقتور پیغام ہے کہ ہندوستان کسی بھی قسم کے دہشت گردانہ ارادوں کے سامنے کبھی جھکے گا ہیں۔ یہ بے مثال قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے لیے شجاعت، ایثار اور فرض شناسی کا مستقل سرچشمہ بنی رہے گی۔‘‘
واضح رہے کہ 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی میں نقب لگا کر پانچ دہشت گرد پارلیمنٹ کے احاطے میں داخل ہو گئے تھے۔ اس دوران دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ میں کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔
یو این آئی۔ این یو۔