NationalPosted at: Mar 21 2025 10:53PM پسماندہ طبقے کے تئیں حساسیت ملک یا سماج کے وقار کی علامت ہے: مرمو
نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہمدردی، جامعیت اور خیر سگالی کو ہندوستانی ثقافت اور تہذیب کی اقدار قرار دیتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ پسماندہ طبقے کے تئیں حساسیت کسی بھی ملک یا معاشرے کی ساکھ کا تعین کرتی ہے۔
محترمہ مرمو نے معذور افراد کی صلاحیتوں، حصولیابیوں اور خواہشات کا جشن منانے کے لئے آج امرت گارڈن میں منعقدہ ایک روزہ 'پرپل فیسٹ' میں شرکت کی۔
انہوں نے معذور افراد کی طرف سے پیش کی گئی ثقافتی پریزنٹیشنز کو دیکھا۔ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ محروم طبقے کے تئیں حساسیت ہی کسی ملک یا معاشرے کی ساکھ کا تعین کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمدردی، شمولیت اور خیر سگالی ہماری ثقافت اور تہذیب کی اقدار رہی ہیں۔ ہمارے آئین کا دیباچہ سماجی انصاف، مساوی حیثیت اور فرد کے وقار کی بات کرتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ حکومت قابل رسائی ہندوستان مہم کے ذریعے معذور افراد کو بااختیار بنانے اور ان کی مساوی شرکت کو یقینی بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔
یواین آئی۔الف الف