InternationalPosted at: Apr 15 2026 9:53AM روس-چین تعلقات عالمی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں: لاوروف
ماسکو، 15 اپریل (یو این آئی) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بدھ کے روز کہا ہے کہ روس اور چین کے تعلقات عالمی امور میں ایک مستحکم عنصر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور "گلوبل میجارٹی" کے لیے ان کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کے دوران مسٹر لاوروف نے کہا کہ ’’روس-چین تعلقات عالمی معاملات میں استحکام کا باعث ہیں۔ یہ دنیا اور خاص طور پر گلوبل میجارٹی کے لیے مسلسل اہمیت اختیار کر رہے ہیں، جو تنازعات نہیں بلکہ پائیدار ترقی کے لیے پرامن ماحول کی خواہاں ہے۔‘‘
مسٹر لاوروف کے مطابق، روسی صدر ولادمیر پوتن اور چینی صدر کے درمیان قریبی تعاون کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات نے ان عالمی جھٹکوں کے مقابلے میں غیر معمولی مضبوطی کا مظاہرہ کیا ہے، جو جدید دنیا کو معاشی اور جغرافیائی سیاسی طور پر متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ یہ عالمی اختلافات تیزی سے عسکری شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران روسی وزیر خارجہ نے چینی صدر کو اپنے ہم منصب وانگ ای کے ساتھ ہونے والی بات چیت اور خاص طور پر صدر پوتن کے آئندہ دورۂ چین کی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مسٹر لاوروف نے اعلان کیا کہ ’’روسی صدر ولادیمیر پوتن 2026 کے پہلی ششماہی میں چین کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران تعلیم کے شعبے میں جاری تعاون کے پروگراموں کو سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے بھی اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے بین الاقوامی ماحول میں روس اور چین کے تعلقات کی خاص اہمیت اور قدر ہے۔
یو این آئی۔ م ع