InternationalPosted at: Jan 19 2026 11:21AM چلی میں جنگلاتی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوئی

سینٹیاگو، 19 جنوری (ٰیو این آئی) چلی کے صدر گیبریل بورک نے اتوار کے روز کہا کہ ملک کے جنوب وسطی علاقوں میں پھیلنے والی شدید جنگلاتی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے اور اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
صدر بورک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،"اس وقت ہمارے پاس 18 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق شدہ اطلاع ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق صرف بائیوبیو میں تقریباً 300 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ حتمی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔
حکام نے ہفتہ کی شام سے ہی کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا تھا، کیونکہ آگ نے علاقے کے تقریباً 80 فیصد حصے کو متاثر کیا ہے۔
نیشنل فاریسٹری کارپوریشن کے مطابق، اس وقت چلی میں 14 فعال جنگلات ریڈ الرٹ کے تحت ہیں اور ملک بھر میں 24 ہزار ہیکٹر سے زائد رقبہ جل چکا ہے۔ سب سے بڑی آگ کونسیپسیون میں ہے، جس نے 10,600 ہیکٹر سے زیادہ علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
صدر بورک نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نیوبلے اور بائیوبیو ریجنز میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
یو این آئی۔ ژنہوا۔ ایم جے۔