InternationalPosted at: Jun 18 2025 2:59PM ہند-کناڈا تعلقات دوبارہ پٹری پر لوٹنے کی شروعات

کیناناسکی (کناڈا)، 18 جون (یو این آئی) ہندوستان اور کناڈا نے منگل کے روز باہمی خدشات، حساسیت، عوام سے عوام کے مضبوط تعلقات نیز باہمی احترام پر مبنی تعمیری اور متوازن شراکت داری کو بحال کرنے کے تئيں عہد بندی کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو دوبارہ پٹری پر لانے کی راہ ہموار کی۔
یہ اہم اتفاق رائے وزیر اعظم نریندر مودی اور کناڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے درمیان کیناناسکی، البرٹا میں جی-7 سربراہی اجلاس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات میں طے پایا اور نئی دہلی اور اوٹاوا میں دونوں ملکوں کے ہائی کمشنروں کی تقرری کا اعلان کیا گیا۔
واضح ر ہے کہ کناڈا میں حالیہ عام انتخابات کے بعد وزیر اعظم کارنی کے چارج سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی بات چیت تھی۔ اس میٹنگ میں دونوں فریقوں کو ہند -کناڈا تعلقات کی صورتحال اور آگے بڑھنے کے راستے پر کھل کر اور گہرائی سے بات کرنے کا موقع ملا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی کے احترام اور خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم پر مبنی ہند -کناڈا تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ خدشات اور حساسیت کے تئيں باہمی احترام، عوام سے عوام کے مضبوط روابط اور بڑھتی ہوئی معاشی التزامات پر مبنی تعمیری اور متوازن شراکت داری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں میں ہائی کمشنروں کی جلد واپسی کے فیصلے سے شروعات کرتے ہوئے تعلقات میں استحکام کی بحالی کے لیے درست اور تعمیری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
یو این آئی۔ م ش۔