NationalPosted at: Oct 15 2025 3:07PM کھنڈیلوال نے گرین پٹاخے جلانے کی اجازت ملنے پر ریکھا گپتا کو دی مبارکباد

نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئی) چاندنی چوک سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال نے دیوالی پر گرین پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعلی ریکھا گپتا کو مبارکباد دی ہے بدھ کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر کھنڈیلوال نے کہا ’’میں دہلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے دیوالی کی تقریبات کے دوران سرٹیفائیڈ گرین پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرکے ایک قابل ستائش، فعال اور متوازن قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہا’’اب جبکہ سپریم کورٹ نے قومی راجدھانی خطہ میں 18 سے 21 اکتوبر تک گرین پٹاخوں کی فروخت اور استعمال کی اجازت دے دی ہے، یہ تمام دہلی والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیوالی کو ذمہ داری اور نظم و ضبط کے ساتھ منائیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے شہر کا آسمان خوشی اور روشنی سے چمکے، آلودگی اور لاپرواہی سے دھندلا نہ ہو۔‘‘
انہوں نے کہا ’’میں دہلی کے ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی مکمل تعمیل کریں۔ صرف سرٹی فائیڈ گرین پٹاخے ہی جلائیں، مقررہ اوقات اور جگہوں پر عمل کریں اور تحمل اور احتیاط برتیں۔ یہ ہمارے لیے اس بات کو ظاہر کرنے کا موقع ہے کہ ہم اپنی روایات کو فطرت کے ساتھ ہم آہنگی اور ذمہ داری سے منا سکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس دیوالی کو نہ صرف روشنیوں اور خوشیوں کے لیے بلکہ دہلی کے اجتماعی نظم و ضبط اور شہری ذمہ داری کے احساس کے لیے بھی یاد کیا جانا چاہیے۔ آئیے ہم سب مل کر اس تہوار کو حقیقی معنوں میں سرسبز، محفوظ اور پرمسرت بنائیں۔یو این آئی۔ این یو۔