NationalPosted at: Jan 10 2025 7:38PM اے اے پی نے پوروانچل سماج کے لیے کام کیا اور عزت دلائی: کیجریوال

نئی دہلی، 10 جنوری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت نے پوروانچل سماج کے لئے کام کیا ہے اور انہیں عزت دلائی ہے مسٹر کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوگ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں جب کہ پوروانچل کمیونٹی سے عام آدمی پارٹی کے سب سے زیادہ ایم ایل اے ہیں اس بار بھی ہم نے پوروانچل کے لوگوں کو سب سے زیادہ ٹکٹ دیے ہیں، لیکن بی جے پی نے کتنے ٹکٹ دیے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ پوروانچل سے جتنے لوگ آتے ہیں، وہ کچی کالونیوں میں رہتے ہیں۔ سال 2014 سے پہلے ان کچی کالونیوں میں لوگوں کا رہنا مشکل تھا۔ کچی کالونیوں میں رہنے والے 90 فیصد سے زیادہ لوگ پوروانچل سے ہیں۔ بی جے پی بتائے کہ اس نے 10 سال میں کچی آبادیوں کے لیے کیا کیا؟ کیا بی جے پی نے کچی کالونیوں میں ایک بھی سڑک یا گلی بنوائی ہے؟ انہوں نے ترقی کا کوئی کام نہیں کیا جب کہ ان کے پاس پپسہ اور پاورخوب تھا۔
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ انہوں نے دہلی کی تمام کچی کالونیوں میں سڑکیں اور گلیاں بنوائیں، سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے، نالیاں بنوائیں، سیوریج کنکشن فراہم کئے۔ پانی کی پائپ لائن لگائی۔ اسپتال اور محلہ کلینک بنوائے۔ بچوں کے لیے اسکول بنائے۔ میں نے کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو عزت کی زندگی دی ہے۔ 2015 میں ان کچی آبادیوں میں جہاں زمین کی قیمت 3000 روپے فی گز تھی، آج وہاں 1 لاکھ روپے فی گز سے زیادہ ہے۔ لوگوں کو عزت کی زندگی ملی ہے۔ بی جے پی نے کیا کیا؟ یہ لوگ صرف احتجاج کرتے ہیں۔ یہ لوگ صرف گندی سیاست کرتے ہیں۔ یہ کام نہیں کرتے۔ ان سے کوئی کام نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بنانے سے ایشو نہیں بنتے ہیں، بلکہ بی جے پی کے جتنے بھی ایشوز تھے وہ ان پر ہی پڑتے جارہے ہیں۔ انہوں نے پوروانچل کے لوگوں کو روہنگیا کہا اور اب وہ ٹی وی والوں کو فون کرکے کہتے ہیں کہ روہنگیا پر بحث نہ کرانا۔ پھر انہوں نے شیش محل کا مسئلہ اٹھایا، لیکن اب ٹی وی والوں کو فون کرکے کہتے ہیں شیش محل پر بحث نہ کرانا۔ یہ لوگ جتنے بھی ایشوز اٹھا رہے ہیں وہ انہیں پر الٹے پڑ رہے ہیں، کیونکہ ان کے ایشوز جعلی ہیں۔ یہ دہلی کی ترقی کی بات نہیں کرتے۔ صرف گالی گلوچ کی بات کرتے ہیں۔
یواین آئی۔الف الف