RegionalPosted at: Aug 5 2026 4:32PM پی ڈی پی نے محبوبہ مفتی کے خلاف گری راج سنگھ کے ’دہشت گرد‘ والے تبصرے کی مذمت کی

سرینگر، 5 اگست (یو این آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے بدھ کے روز مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے پی ڈی پی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ”دہشت گرد“ کہے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کے بیان کو ”غیر ذمہ دارانہ“ اور ”اشتعال انگیز“ قرار دیا سنگھ نے دفعہ 370 کی منسوخی کی برسی کے موقع پر سرینگر میں ایک احتجاج کے دوران پی ڈی پی سربراہ محبوبہ کی طرف سے قومی پرچم الٹا پکڑنے پر ان کی تنقید کی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ کو احتجاج کے دوران سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے پرچم کے ساتھ قومی پرچم پکڑے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
قومی پرچم کو مبینہ طور پر الٹا پکڑنے سے ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے اور بی جے پی نے پی ڈی پی صدر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں، پی ڈی پی نے مرکزی وزیر سنگھ کے محبوبہ مفتی کو ”دہشت گرد“ کہنے پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ اس طرح کی زبان ایک مرکزی وزیر کو زیب نہیں دیتی اور یہ جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔
پارٹی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی حملوں کے بجائے بحث اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور الزام لگایا کہ اس طرح کے تبصروں کا مقصد عوامی گفت و شنید کے معیار کو کم کرنا ہے۔
پی ڈی پی نے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ عوامی بیانات میں ضبط و تحمل سے کام لیں اور جمہوری اداروں کے وقار کو برقرار رکھیں۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف