InternationalPosted at: Jun 15 2025 5:31PM ایران کا اسرائیل کے خلاف بڑا مشترکہ حملہ

تہران، 15 جون (یو این آئی) ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے سنیچر کی دیر رات اسرائیل کے خلاف بڑا مشترکہ حملہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں میزائل اور ڈرون داغے گئے آئی آر جی سی کے سرکاری خبر رساں ادارے سپاہ نیوز نے رپورٹ کیا کہ آئی آر جی سی کے ایرو اسپیس ڈویژن نے یہ حملہ اسرائیل کے ' جارحانہ حملوں' کے جواب میں کیا اسرائیل کی نیشنل ایمرجنسی میڈیکل سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم (میڈ) کے مطابق ایرانی راکٹ نے اسرائیل کے شمالی حصے میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوئے۔ متعدد دیگر افراد کو زخمی ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
میڈ کے مطابق ایرانی حملے میں شروع سے اب تک تین افراد ہلاک اور 204 زخمی ہو چکے ہیں۔ حیفہ اور شمالی علاقہ سے باہر کے باشندوں کو ہوم فرنٹ کمانڈ نے بنکر سے نکلنے کی اجازت دی ۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام فعال طور پر میزائلوں کو روک رہا ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
ایران کی وزارت پیٹرولیم نے تصدیق کی ہے کہ حملوں میں تہران میں تیل کے دو ڈپو کو نقصان پہنچا ہے۔ دارالحکومت کے مغربی اور شمالی علاقے میں دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ وزارت نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے۔ ادھر اردن نے ایرانی میزائل حملے کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہفتے کی دیر رات اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا۔ ملک کے سول ایوی ایشن ریگولیٹری کمیشن نے اعلان کیا کہ یہ اقدام سول ایوی ایشن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ایران نے جمعہ کے روز تہران اور دیگر شہروں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں یہ حملہ کیا۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں اعلیٰ فوجی کمانڈر، جوہری سائنسدان اور متعدد عام شہری مارے گئے۔
یو این آئی ۔ م ش۔