NationalPosted at: Apr 15 2025 5:05PM حکومت پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلائے اور مہنگائی پر وائٹ پیپر جاری کرے: کانگریس

نئی دہلی، 15 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں لیکن نریندر مودی حکومت اس پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے اور عوام کو مہنگائی سے راحت دینے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے خواتین کانگریس کی صدر الکا لامبا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے لیکن حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرائے اور اس کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے۔
محترمہ لامبا نے کہا " بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے مہنگائی سے منہ موڑ لیا ہے، ان کا واحد مقصد سرکاری اور پرائیویٹ کمپنیوں کی جیبیں بھرنا ہے۔ ملک کا عام آدمی اس مہنگائی کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ آج اگر ہم ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا موازنہ کریں تو 2014 میں پٹرول کی قیمت 72 روپے فی لیٹر تھی لیکن آج یہ اعداد و شمار 98 روپے، 100 روپے ہے۔"
انہوں نے کہا "کانگریس حکومت کے دوران ڈیزل 55 فی لیٹر تھا، جب کہ یہ بی جے پی کی حکومت کے دوران 88 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے، کانگریس حکومت کے دوران پیٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی 9.20 روپے تھی، آج یہ بڑھ کر 19.90 روپے ہو گئی ہے، ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی 2014 میں 3.46 روپے تھی، آج تیل کی قیمت بڑھ کر 80 روپے 80 پیسے ہو گئی ہے۔" کانگریس حکومت کے دور میں خام تیل 65.31 ڈالر فی بیرل تھا ، لیکن آج نہ تو پٹرول ڈیزل کی قیمت کم ہو رہی ہے اور نہ ہی ایکسائز ڈیوٹی کم ہو رہی ہے۔
محترمہ لامبا نے کہا کہ ہم ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں، آج ملک کی خواتین مہنگائی سے پریشان ہیں اور وہ ہمارے ساتھ اس تحریک میں شامل ہو رہی ہیں۔ ہم دہلی، کیرالہ، راجستھان، یوپی، پنجاب، انڈمان نکوبار، گوا، پڈوچیری سمیت کئی ریاستوں میں مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آ کر آواز اٹھا رہے ہیں۔ 17، 18، 19 اپریل کو میں خود اس تحریک کا حصہ بنوں گی۔ یہ عوام کو لوٹنے اور کمپنیوں کو منافع دینے کا معاملہ ہے - جس کا مقصد صرف منافع کمانے والی کمپنیوں سے چندہ لینا ہے، اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو یہ واضح ہو جائے گا کہ اس معاملے میں بی جے پی کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا “اگر گھریلو سلنڈر کی قیمت دیکھیں تو 2014 میں یہ 414 روپے تھی، اس پر سبسڈی بھی دی جاتی تھی لیکن آج سبسڈی ختم کر کے سلنڈر کی قیمت 1,103 روپے کر دی گئی ہے۔ آج ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی نے 450 روپے کا گیس سلنڈر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انتخابی جملے دینے والے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اس کا جواب دیں اور ایل پی جی کے سلنڈر کی قیمت اور ڈیزل و پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت پالیسی لائی جائے اور خواتین اور غریب خاندانوں کے لیے مہنگائی پر خصوصی اجلاس طلب کیا جانا چاہئے، جس میں وائٹ پیپر جاری کرکے اس پر مکمل بحث کی جائے۔
یو این آئی ۔ ع خ