NationalPosted at: Jan 13 2025 8:32PM ہندوستان نے بنگلہ دیش کے قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کیا

نئی دہلی، 13 جنوری (یو این آئی) وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش کے قائم مقام ہائی کمشنر محمد نور الاسلام کو آج یہاں طلب کیا اور ہندوستان بنگلہ دیش سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق تنازعہ پر ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمشنر پرنب ورما کو طلب کئے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واضح طور پر اظہار برہمی کیا ہندوستان نے اس سلسلے میں تمام دوطرفہ معاہدوں اور پروٹوکول پر عمل کیا ہے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے شام کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں بنگلہ دیش کے قائم مقام ہائی کمشنر محمد نور الاسلام کو وزارت خارجہ نے آج 13 جنوری کو دوپہر 2 بجے ساؤتھ بلاک میں بلایا۔ انہیں بتایا گیا کہ باڑ لگانے سمیت سرحدی حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ہندوستان نے دونوں حکومتوں اور بارڈر سیکورٹی فورس اور بارڈر گارڈز بنگلہ دیش کے درمیان تمام پروٹوکول اور معاہدوں پر عمل کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے سرحد پار مجرمانہ سرگرمیوں، اسمگلنگ، مجرموں کی نقل و حرکت اور اسمگلنگ کے چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے ذریعے جرائم سے پاک سرحد کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ خاردار باڑ کی تنصیب، بارڈر لائٹنگ، تکنیکی آلات کی تنصیب اور مویشیوں کی باڑ لگانا سرحد کو محفوظ بنانے کے اقدامات ہیں۔
بیان کے مطابق ہندوستان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش تمام سابقہ سمجھوتوں پر عمل درآمد کرے گا اور سرحد پار جرائم سے نمٹنے کے لیے تعاون پر مبنی نقطہ نظر اپنائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے اتوار کو مسٹر ورما کو ڈھاکہ میں طلب کیا اور الزام لگایا کہ ہندوستان 4156 کلومیٹر طویل ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد پر باڑ لگانے کی کوشش کرکے سرحدی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا