RegionalPosted at: Aug 1 2025 9:22AM منڈی میں بس کھائی میں گرنے سے ایک ہلاک، 9 زخمی

منڈی، یکم اگست (یو این آئی) ہماچل پردیش کے منڈی ضلع کے باہو-چیلچوک-جہل روڈ پر ٹونا کے قریب جمعرات کی شام ایک نجی بس کے گہری کھائی میں گرنے سے ایک 44 سالہ خاتون کی موت ہو گئی اور 9 دیگر زخمی ہو گئے۔
حادثہ کاشواری کے قریب اس وقت پیش آیا جب شیتلا بس سروس کی گاڑی جہل سے واپس چلی چوک جا رہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق بس تیکھےموڑ پر کنٹرول کھو بیٹھی اور کھائی میں جاگری۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو گوہر کے سول اسپتال پہنچایا۔ متوفی کی شناخت نون گاؤں کی رہنے والی کشوری کی اہلیہ نرملا (44) کے طور پر کی گئی ہے۔
زخمیوں میں سپنا دیوی (شالا گاؤں)، بدھی دیوی، بھارتی اور میرا دیوی (ترور)، کنڈکٹر امان ٹھاکر (نالد)، ڈرائیور کا بیٹا پرکاش (سیگالی)، مینا دیوی، چندرا دیوی اور بھما دیوی (نون) شامل ہیں۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ بچتر سنگھ نے حادثے کی تصدیق کی اور کہا کہ انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر بروقت بچاؤ اور طبی امداد کو یقینی بنایا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ساگر چندرا نے کہا کہ بس ڈرائیور کے خلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
باہو-چیلچوک-جہل روٹ، جو اکثر پرائیویٹ بسوں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے، اپنی تنگ سڑکوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بارہا روٹ پر ناقص دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور نجی ٹرانسپورٹ آپریٹرز پر سخت نگرانی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس مانسون کے موسم میں 31 جولائی تک بارش سے متعلق اور سڑک حادثات میں 173 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جس میں ریاست میں سڑک حادثات میں 85 اموات بھی شامل ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا