RegionalPosted at: Jun 17 2025 9:35PM کھڑگے نے ایچ اے یو کے طلباء سے بات کی

حصار، 17 جون (یواین آئی) چودھری چرن سنگھ ہریانہ زرعی یونیورسٹی (ایچ اے یو) میں اسکالرشپ میں کٹوتی کے خلاف احتجاج کر رہے طلباء پر سیکورٹی اہلکاروں کے لاٹھی چارج کے بعد سے دھرنے پر بیٹھے طلباء سے منگل کو کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے فون پر بات کی۔
ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے طلباء کو یقین دلایا کہ پارٹی ان کے ساتھ ہے اور یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے طلباء سے یہ بھی کہا کہ وہ دہلی آئیں اور انہیں اسکالرشپ بند کرنے، سیٹوں میں کمی سمیت تمام نکات سے آگاہ کریں، تاکہ اسے پارلیمنٹ میں اٹھایا جاسکے۔
دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے الزام لگایا کہ طلبہ کا احتجاج مکمل طور پر سیاسی رخ اختیار کر چکا ہے۔ تنازعہ کے حل کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے ڈاکٹر راجبیر گرگ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلباء سے مسائل پر ایک ڈیمانڈ لیٹرموصول ہواتھا، اس کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی نے طلباء کے ساتھ میٹنگ کی اور طلبہ راضی ہو کر چلے گئے، پھر دوسرے طلباء کا گروپ آیا اور وہ بھی متفق نظر آیا۔
انہوں نے کہا کہ 10 جون کو دو ناخوشگوار واقعات ہوئے۔ پہلا واقعہ انتظامی عمارت میں پیش آیا جس میں کچھ طلباء نے زبردستی وائس چانسلر آفس میں گھسنے کی کوشش کی۔ ان کی نیت ٹھیک نہیں تھی، انہیں روکنے اور سمجھانے کی کوشش کی گئی۔ دوسرا واقعہ اسی دن رات 10 بجے کے قریب پیش آیا، طلباء وائس چانسلر کی رہائش گاہ کی طرف جانے والی سڑک پر دھرنے پر بیٹھ گئے، جہاں وائس چانسلر اور دیگر حکام کی رہائش گاہیں ہیں اور آگے کی سڑک بند ہے۔ اس طرح سڑک مکمل طور پر بلاک ہوگئی۔ وہاں رہنے والے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی نقل و حرکت مسدود ہو گئی۔
یواین آئی۔الف الف