NationalPosted at: Oct 15 2025 8:19PM حج 2026 کے لیے محرم زمرہ میں خواتین عازمین سے درخواستیں مطلوب،خواتین عازمین حج ہماری ترجیحات میں شامل: کوثر جہاں۔

نئی دہلی،15 اکتوبر (یو این آئی) حج بیت اللہ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں حج کمیٹی آف انڈیا، ریاستی حج کمیٹیوں اور وزارت اقلیتی امور کی جانب سے مختلف سطحوں پر تیاریاں جاری ہیں جاری ریلیز کے مطابق اسی ضمن میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے خواتین کو اختیارات تفویض کرنے اورانہیں تمام تر شعبہ حیات میں باختیار بنانے کے مرحلے میں حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے لیے خواہش مند ایسی خواتین جنہوں نے بروقت پاسپورٹ نہ ہونے یا کسی دیگر معقول اسباب کی بنا پر حج درخواست جمع نہیں کرسکیں اور ان کے محرم کا انتخاب ہوچکا ہے،ایسی خواتین کو فریضہ حج کی ادائیگی کا موقعہ فراہم کرنے کے لیے محرم کوٹہ میں مختص 500 سیٹوں کے لیے درخواستیں مطلوب ہیں۔ایسی تمام خواتین حج پالیسی 2026 کی روشنی میں 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ ' حج کمیٹی ڈاٹ جی او وی ڈاٹ ان“ پر آن لائن حج درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ محرم زمرے میں حج درخواست جمع کرنے کے لیے ضروری ہے کہ درخواست گزار خاتون نے پہلے حج کمیٹی یا پرائیویٹ گروپ یا کسی اور طرح سے حج نہ کیا ہو،درخواست گزار خاتون کے پاس درخواست دینے کے لیے مقرر آخری تاریخ کو یا اس کے پہلے جاری کیا ہوا اور کم سے کم 31 دسمبر 2026 تک قابل قبول انڈین پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ درخواستیں صرف آن لائن ہی قبول کی جائیں گی اور دستی،تحریری یا کسی اور ذریعے سے قبول نہیں ہوں گی۔ درخواست گذارکو اپنے پاسپورٹ کے پہلے اور دوسرے صفحات کی صاف کاپی،ایک تازہ کھینچا ہوا پاسپورٹ سائیز کا فوٹو،اپنے رہائشی پتے کا قابل قبول ثبوت اور اپنے محرم مرد عازم حج سے رشتے کا قابل قبول دستاویز بھی اپلوڈ کرنا لازمی ہے۔ اگر کسی کور میں پہلے سے ہی 5 عازمین شامل ہیں تو ایسی صورت میں اس کور میں درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ اس زمرے میں ایسی خواتین بھی درخواست نہیں دے سکتی ہیں جن کا انتخاب حج 2026 کے لیے پہلے ہی کسی کور میں ہو چکا ہے۔ اس زمرے میں درخواست گزار عازمین کی تعدا اگر پانچ سو سے زیادہ ہوتی ہے تو امیدوار وں کا انتخاب آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جاے گا۔
دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق عارفی کے مطابق حج 2026 کے لیے پہلے مرحلے میں قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب عازمین اور پہلی ویٹینگ لسٹ میں منتخب عازمین جنہوں نے حج اخراجات کی پہلی قسط جمع کرادی ہے انہیں 31 اکتوبر 2025 تک حج اخراجات کی دوسری قسط 125000 روپے فی کس جمع کرانا لازمی ہے جبکہ دوسری ویٹینگ لسٹ میں منتخب عازمین اور پہلی ویٹینگ لسٹ کے ایسے عازمین جنہوں نے اب تک پہلی قسط جمع نہیں کرائی ہے،انہیں بھی،خصوصی رعایت کے تحت 277300روپے فی کس رقم 31 اکتوبر تک جمع کرانا لازمی ہے۔ عازمین حج اخراجات کی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ ' حج کمیٹی ڈاٹ جی او وی ڈاٹ ان' پر یا حج سویدھا ایپ پر ای پیمینٹ کے توسط سے اپنے کریڈٹ کارڈ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں پے سلیپ میں اپنا بینک ریفرینس نمبر درج کرکے جمع کرا سکتے ہیں۔ پی سلیپ اور بینک ریفرینس نمبر حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر اپنے کور نمبر کے حوالے سے حاصل کر سکتے ہیں۔
یو این آئی۔ ع ا۔