OthersPosted at: Oct 16 2025 10:34PM گجرات: وزیر اعلی پٹیل کو چھوڑ کر گجرات کے تمام وزراء مستعفی

گاندھی نگر، 16 اکتوبر (یو این آئی) گجرات کی وزارتی کونسل میں جمعہ کے روزپھیر بدل ہوگا اور اس کے پیش نظر تمام وزراء نے آج وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو اپنے استعفے سونپ دیئے سرکاری معلومات کے مطابق نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب جمعہ کے روز صبح 11:30 بجے گاندھی نگر کے مہاتما مندر میں ہوگی گورنر آچاریہ دیوورت نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلائیں گےگجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر یگنیش دوے نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کے علاوہ تمام 16 وزراء نے وزارتی کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان میں آٹھ کابینہ وزیر اور آٹھ وزیر مملکت شامل ہیں۔
کابینہ کے وزراء میں کیشو بھائی دیسائی، رشیکیش پٹیل، راگھو جی بھائی پٹیل، بلونت سنگھ راجپوت، کنورجی بھائی باولیا، منو بھائی بیرا، ڈاکٹر کنور بھائی، اور محترمہ بھانوبین باوریا شامل ہیں۔
استعفیٰ دینے والے وزراء مملکت کے نام ہرش سنگھوی، جگدیش بھائی پنچال، پرشوتم بھائی سولنکی، بچو بھائی کھباد، مکیش بھائی پٹیل، پرفل بھائی پنسریا، بھیکو سنگھ جی پرمار، اور کنورجی بھائی ہلپتی ہیں۔
قانون ساز اسمبلی میں ارکان کی کل تعداد کو دیکھتے ہوئے گجرات میں وزیر اعلیٰ سمیت 27 وزراء ہو سکتے ہیں۔ ریاست میں موجودہ حکومت 2022 میں قائم ہوئی تھی، اور اس کے بعد سے وزارتی کونسل میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اس توسیع سے وزراء کی تعداد بڑھ کر 25 ہو سکتی ہے۔ اس مشق کو 2027 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے منسلک دیکھا جا رہا ہے۔
یو این آئی۔ م ش۔