NationalPosted at: Jan 13 2025 9:31PM امریکہ اور ہندوستان کے لوگ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور ہم دونوں ملکوں کے لوگوں کوساتھ لانے کےلیے کام کرتے ہیں:امریکی سفیرایرک گارسیٹی

نئی دہلی ،13جنوری (یواین آئی)ہندوستان میں امریکہ کے سفیرایرک گارسیٹی نے پیر کے روز کہاکہ امریکہ اور ہندوستان کے لوگ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور ہم دونوں ملکوں کے لوگوں کوساتھ لانے کےلیے کام کرتے ہیں انہوں نے یہ تبصرہ ہندوستان امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پراپنی چار تقریروں میں سے آخری تقریر میں کیا انھوں نے امریکہ اور ہندوستان کے درمیان مضبوط رشتے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا مستقبل ہندوستان کے ساتھ اور ہندوستان کا مستقبل امریکہ کے ساتھ جڑا ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جب دونوں ممالک ایک ساتھ ہوتے ہیں تو بہترحالت میں ہوتے ہیں۔
انہوں نے لوگوں کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کے ہندوستانیوں کے ساتھ جتنے زیادہ رابطے ہوں گے، اقتصادی اور تعلیمی تبادلے کے اتنے ہی زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ امریکہ ہندوستانی طلباء اور ہندوستانی تارکین وطن امریکہ میں کمپنیاں اور یونیورسٹیاں چلانے میں مدد کرتے ہیں۔
مسٹر گارسیٹی نے کہاکہ امریکی سفارت خانے نے 2024 میں لگاتار دوسرے سال 10 لاکھ سے زیادہ غیر امیگرینٹ ویزے جاری کیے اور اس وقت 50 لاکھ سے زیادہ ہندوستانیوں کے پاس امریکی ویزے ہیں ۔
واضح رہے کہ آنے والی ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے امیگریشن پالیسیوں میں ممکنہ تبدیلیوں کے بارے میں ہندوستان میں تشویش بڑھ گئی ہے، خاص طور پر ایچ ون بی ویزا پروگرام کے تعلق سے جس کے تحت امریکہ میں باصلاحیت غیر ملکی کارکنوں کوکام کا موقع ملتا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ہندوستانیوں کی اچھی خاصی تعداد امریکہ پہنچتی ہے، ایچ ون بی ویزوں کی کل تعداد میں سے 70فیصد ہندوستانیوں کو ملتے ہیں ۔حالانکہ صدر منتخب ڈونلڈ ٹرمپ نے کبھی ایچ ون بی ویزا پر نکتہ چینی کی تھی لیکن اب انھوں نے اسکی حمایت کی اور معروف کاروباری ایلن مسک نے بھی اس پروگرام کی حمایت کی ہے ۔
مسٹر گارسیٹی نے ہندوستانیوں کے لیے ویزا خدمات کو بہتر بنانے کے لیے امریکہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں بہت زیادہ مانگ کی وجہ سے ویزا پروسیسنگ کو بہتر بنانا، ریکارڈ تعداد میں قونصلر افسران کی خدمات حاصل کرنا اور نظام کو بڑھانے کے لیےاے آئی کا استعمال کرنا شامل ہے ۔
یواین آئی۔ایف اے