NationalPosted at: Feb 4 2025 5:02PM کسانوں کی آمدنی میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح : شیوراج

نئی دہلی، 4 فروری (یو این آئی) زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ کسانوں کی آمدنی بڑھانا وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے ایک ضمنی سوال کے جواب میں مسٹر چوہان نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے ہندوستان دنیا میں ناریل کی پیداوار میں سرفہرست ملک ہے اور ہم بہت کم وقت میں ناریل کی پیداوار کو 140 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 153 لاکھ میٹرک ٹن کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملنگ کوپرا (تیل کی کرشنگ کے لیے ناریل) اور بال کوپرا (گھروں میں استعمال ہونے والا ناریل) کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) میں اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے بعد، کسانوں کو ملنگ کوپرا کے لیے 11,582 روپے فی کوئنٹل اور بال کوپرا کے لیے 12,100 روپے فی کوئنٹل کی ایم ایس پی مل رہی ہے۔
مسٹر شیوراج نے کہا کہ 2014 میں کسانوں کو کوپرا کی ملنگ کے لیے 5,250 روپے فی کوئنٹل کا ایم ایس پی دیا گیا تھا جبکہ بال کوپرا کے معاملے میں یہ شرح 5,500 روپے فی کوئنٹل تھی۔
ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں ناریل کی پیداوار بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں، جس پر کام کیا جا رہا ہے۔ ناریل کی کاشت کا رقبہ بڑھایا گیا ہے جس سے کسانوں کو فائدہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناریل کو متاثر کرنے والی مختلف اقسام کی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
اگر کسانوں کا کوئی نقصان ہو تو اس کی تلافی کی جائے، یہ حکومت کی ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیر اعظم کسان فصل بیمہ اسکیم لائی گئی ہے۔
یو این آئی ۔ ع خ