NationalPosted at: Sep 9 2025 7:51PM نائب صدر انتخاب: مودی، سونیا، راہل، راجناتھ سمیت کئی لیڈران نے ووٹ ڈالے

نئی دہلی، 9 ستمبر (یو این آئی) نائب صدرجمہوریہ کے عہدےکے انتخاب میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی لیڈران ووٹ ڈال چکے ہیں نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ منگل کی صبح 10 بجے شروع ہوئی اور سب سے پہلے مسٹر مودی نے ووٹ ڈالا، جب وہ ووٹ ڈالنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو ان کے ساتھ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو، قانون کے وزیر ارجن رام میگھوال، وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور شہری ہوا بازی کے وزیر کے۔ رام موہن نائیڈو موجود تھے۔
مرکزی وزیر گریراج سنگھ، نتن گڈکری، جی کشن ریڈی، رونییت سنگھ بٹو نے بھی ووٹ ڈال دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو، مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، مرکزی وزیر جیوترا دتیہ سندھیا نے بھی ووٹ ڈال دیا ہے۔
اس کے علاوہ رکن پارلیمنٹ بانسری سُوراج، رام ویر بدھوڑی، منوج تیواری، مرکزی وزیر ہرش ملہوترا اور رکن پارلیمنٹ کمل جیت سہراوت نے بھی ووٹ ڈال دیا ہے۔
نائب صدر کے انتخاب میں لوک سبھا کے 542 موجودہ اراکین اور راجیہ سبھا کے 239 موجودہ اراکین ہی ووٹ ڈال سکیں گے، اس طرح الیکٹورل کالج میں اس وقت 781 ارکان ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لیے کم از کم 391 ووٹ کی ضرورت ہے۔ ووٹنگ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی اور ووٹوں کی گنتی کا آغاز شام 6 بجے سے ہوگا۔
نائب صدر کے انتخاب کے لیے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو جبکہ انڈیا اتحاد نے سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں عددی طاقت کی بنیاد پر این ڈی اے کو واضح اکثریت حاصل ہے، اسی وجہ سے اس کے امیدوار کا پلڑا بھاری ہے۔
لوک سبھا کی کل رکنیت 543 ہے، لیکن ایک نشست خالی ہونے کی وجہ سے 542 اراکین ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔ راجیہ سبھا میں کل رکنیت 245 ہے، جبکہ چھ نشستیں خالی ہیں، اس وجہ سے 239 اراکین ہی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ اس طرح ووٹ ڈالنے کے اہل اراکین کی موجودہ کل تعداد 781 ہے۔
دونوں ایوانوں میں عددی طاقت کو دیکھتے ہوئے این ڈی اے کے لوک سبھا میں 293 اور راجیہ سبھا میں کم از کم 134 رکن ہیں، اس طرح این ڈی اے کے پاس کم سے کم 427 ووٹ ہیں، جو اکثریت کے لیے درکار 391 ووٹوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس طرح این ڈی اے کے امیدوار مسٹر رادھا کرشنن کے جیتنے کے قوی امکانات ہیں۔
انڈیا اتحاد کے لوک سبھا میں 249 اور راجیہ سبھا میں 105 رکن ہیں، اس طرح اتحاد کے پاس کل 354 ووٹ ہیں، جو اکثریت کے لیے درکار 391 سے کم ہیں۔
نائب صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن 7 اگست کو جاری کیا گیا تھا، نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست تھی، جبکہ نامزدگی فارم کی جانچ 22 اگست کوکی گئی تھی، جب کہ نام واپسی کی آخری تاریخ 25 اگست مقرر تھی۔
یو این آئی۔ ایس اے۔ایف اے