InternationalPosted at: Oct 12 2025 5:11PM غزہ میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مصر میں امن سربراہی اجلاس کا انعقاد

قاہرہ، 12 اکتوبر (یو این آئی) غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پیر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں ایک بین الاقوامی سربراہی اجلاس منعقد ہوگا مصری ایوان صدر نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کی مشترکہ صدارت مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کریں گے، جس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔
بیان کے مطابق، سربراہی اجلاس کا مقصد غزہ پٹی میں جنگ کا خاتمہ، مغربی ایشیا میں امن اور استحکام لانے کی کوششوں میں اضافہ اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنا ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ مصر، قطر، ترکی اور امریکہ کی ثالثی میں شرم الشیخ میں دونوں فریقوں کے درمیان تین دن تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد جمعہ کو عمل میں آیا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں غزہ سٹی، رفح، خان یونس اور شمالی علاقے سے اسرائیلی فوجیوں کا انخلا، امداد کے لیے پانچ کراسنگ کھولنا اور یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔
حماس کے ایک ذریعے نے جمعہ کو بتایا کہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ اگلے ہفتے کے وسط تک دوبارہ کھول دی جائے گی تاکہ لوگوں کی محدود نقل و حرکت کی اجازت دی جا سکے، حالانکہ آپریشن کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے افسران کے مطابق دو سال سے زیادہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے غزہ کو تباہ کر دیا ہے، جس میں 67,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے اور قحط کی صورت حال پیدا ہوگئی۔
یو این آئی۔ این یو۔