NationalPosted at: Mar 23 2025 3:56PM دہلی اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر سے شروع ہو رہا ہے، بجٹ اجلاس میں مالیاتی اور پالیسی امور پر بحث کی جائے گی

نئی دہلی، 23 مارچ (یو این آئی) دہلی اسمبلی کا آٹھواں بجٹ اجلاس پیر کو صبح 11:00 بجے پرانے سکریٹریٹ میں واقع ودھان سبھا کی عمارت میں شروع ہوگا ودھان سبھا کے اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ یہ سیشن آنے والے مالی سال کے لیے مالیاتی پالیسیوں اور ترقیاتی روڈ میپ کا تعین کرنے کے لیے بہت اہم ہے قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ یہ سیشن 24 سے 28 مارچ 2025 تک چلے گا، ضرورت پڑنے پر اس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) کے کام کاج پر کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ بجٹ اجلاس میں ایوان میں پیش کی جائے گی۔ یہ سی اے جی کی تیسری رپورٹ ہوگی، جو کل ایوان میں پیش کی جائے گی۔
بجٹ اجلاس کے اہم نکات حسب ذیل ہیں:- مالی سال 2025-26 کا بجٹ 25 مارچ (منگل) کو پیش کیا جائے گا۔ بجٹ پر 26 مارچ (بدھ) کو بحث ہو گی، 27 مارچ (جمعرات) کو اسمبلی میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی، 28 مارچ (جمعہ) کو پرائیویٹ بلز اور قراردادوں پر بحث کی جائے گی۔
ایوان میں وقفہ سوالات اور اسمبلی کی کارروائی روزانہ صبح 11:00 بجے شروع ہوگی، دوپہر 1:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک کھانے کے وقفہ ہوگا۔ اس کے علاوہ 24، 26، 27 اور 28 مارچ کو وقفہ سوالات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزراء ارکان کے سوالات کے جوابات دیں گے۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ممبر عوامی اہمیت کے مسائل اٹھانے کے لیے کارروائی سے ایک دن پہلے شام 5 بجے تک نوٹس دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز بیلٹ کے عمل کے ذریعے منتخب ہونے والے 10 موضوعات پر بات کی جائے گی۔ جمعہ کو نجی قراردادوں پر بحث کی جائے گی جس کے لیے 12 دن پہلے نوٹس دینا ضروری ہو گا۔
مسٹر گپتا نے تمام اراکین سے ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے اور قواعد پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔ کورم بیل ہر روز صبح 10:55 بجے کارروائی شروع ہونے سے پہلے بجائی جائے گی۔
یواین آئی۔ ظ ا