NationalPosted at: Feb 14 2025 9:37PM بی ایس این ایل نے 2007 کے بعد پہلی بار 262 کروڑ روپے کا منافع کمایا

نئی دہلی، 14 فروری (یو این آئی) پبلک سیکٹر کی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) نے 2007 کے بعد پہلی بار رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں 262 کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔
بی ایس این ایل کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر (سی ایم ڈی) اے رابرٹ جے روی نے اس کامیابی کو کمپنی کی جدت طرازی، صارفین کے اطمینان اور جارحانہ نیٹ ورک کی توسیع کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں سے مالی سال کے اختتام تک آمدنی میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ متوقع ہے۔
موبلٹی، ایف ٹی ٹی ایچ اور لیزڈ لائن سروسز سے کمپنی کی آمدنی میں بالترتیب 15 فیصد، 18 فیصد اور 14 فیصد اضافہ ہوا۔ کمپنی نے مالیاتی اخراجات اور مجموعی اخراجات کو کم کرکے اپنے نقصانات کو 1,800 کروڑ روپے سے بھی کم کیا ہے۔ نئی سروسز جیسے نیشنل وائی فائی رومنگ،بی آئی ٹی وی (موبائل صارفین کے لیے مفت تفریح) اور ایف ٹی ٹی ایچ صارفین کے لیے آئی ایف ٹی وی بھی صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے شروع کی گئی ہیں۔
بی ایس این ایل کی سہ ماہی ترقی بنیادی طور پر 4جی خدمات کے آغاز، فائبر آپٹک انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور شہری اور دیہی علاقوں میں کنیکٹوٹی کو مضبوط بنانے سے آئی ہے۔ کمپنی نے اسٹریٹجک بحالی کے اقدامات،ا سپیکٹرم الاٹمنٹ اور حکومتی تعاون کے ذریعے اپنے کاموں کو مضبوط کیا ہے۔
سی ایم ڈی نے کہا کہ بی ایس این ایل کو 262 کروڑ روپے کا یہ منافع اس کی بحالی اور طویل مدتی استحکام کو ظاہر کرتا ہے۔ کمپنی حصص یافتگان کو زیادہ قیمت فراہم کرنے، مارکیٹ کے مواقع کو بڑھانے اور ڈجیٹل اختراع کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ مالیاتی اقدام ہندوستان کی ڈجیٹل ترقی کو تیز کرنے اور سستی ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے میں بی ایس این ایل کے تعاون کی نشاندہی کرتا ہے۔
یواین آئی، م ش