NationalPosted at: Dec 2 2025 8:31PM ہندوستان اور جارجیا کے مابین اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دوا سازی کے شعبے میں تعاون کے کافی امکانات ہیں: اوم برلا

نئی دہلی، 02 دسمبر (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے منگل کو کہا کہ ہندوستان اور جارجیا کے مابین اطلاعاتی ٹیکنالوجی، دواسازی، صاف توانائی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے کافی امکانات موجود ہیں آج مسٹر برلا نے جارجیا کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی، جس کی قیادت جارجیا کی پارلیمنٹ کے چیئرمین شالوا پاپواشویلی کر رہے تھے۔ بات چیت کے دوران پارلیمانی تعاون کو بڑھانے، نئے ادارہ جاتی تعلقات قائم کرنے اور تجارت، ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت میں ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے، بہترین طور طریقوں کے تبادلے اور پارلیمانی کمیٹیوں کے کردار کو بڑھانے پر بات ہوئی۔ مسٹر برلا نے ہندوستان کی پارلیمانی کمیٹیوں — مالیاتی کمیٹیوں، محکموں سے متعلق مستقل کمیٹیوں، رہائشی کمیٹیوں اور مشترکہ/منتخبہ کمیٹیوں — کے طریقۂ کار کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور فیصلے کرنے اور مختلف پارٹیوں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کو مضبوط کرنے اور قانون سازی کے اثر کو بڑھانے کے لیے باقاعدہ پارلیمانی بحث و مباحثے ضروری ہیں۔
لوک سبھا اسپیکر نے بتایا کہ جارجیا میں خاص طور پر فولاد، زراعت، سروس اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ہندوستانی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، دوا سازی، ماحولیات کے موافق توانائی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے کافی امکانات ہیں۔ انہوں نے جارجیا میں زیرِ تعلیم ہندوستانی طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کی فلاح و بہبود، حفاظت اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے جارجیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیاحتی تعلقات میں اضافے اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر رابطے کا بھی خیر مقدم کیا۔
اس سے قبل دن میں جارجیا کے وفد نے خصوصی گیلری سے لوک سبھا کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔
یو این آئی - م ک۔ ایس وائی