خصوصی تحریر: عابد انور
نئی دہلی، 9جنوری (عابد انور، یو این آئی) ہندوستان میں سچر کمیٹی نے مسلمانوں کی تعلیمی،سماجی اور دیگر شعبوں میں زوال کا جائزہ لیا تھا اور اس کے بعد کچھ تجاویز اور سفارشات پیش کی تھیں، جس پر اس وقت کی یو پی اے حکومت کے دوران کچھ پر عمل بھی ہوا تھا اور مسلمانوں کی تعلیمی سطح کو بلند کرنے کے لئے اسکالر شپ کی سفارش کی گئی تھی لیکن بعد میں آہستہ آہستہ مسلمانوں کے متعلق اسکمیوں اور اسکالر شپ کو بند کردیا گیاجیسے کہ مولانا آزاد اسکالر شپ وغیرہ۔اسکالر شپ بند ہونے کی وجہ سے مسلمانوں میں ترک تعلیم کی شرح بڑھنے لگی ہے۔مسلم بچے نہ صرف اعلی تعلیم میں پیچھے ہیں بلکہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم میں بھی پچھڑ رہے ہیں۔
یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس(UDISEPlus)کی طرف سے 2020 -21 اور 2021-22 گریڈ وار اندراج اور ریپیٹر ڈیٹا کی بنیاد پر، پرائمری، اپر پرائمری، ایلیمنٹری اور سیکنڈری سطحوں پر تعلیم چھوڑنے والے مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد کا حساب لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم طلباء کی ایک بڑی تعداد نے تعلیمی نظام میں شمولیت سے پہلے ہی تعلیم چھوڑ دی ہے۔اعداد و شمار سے مزید پتہ چلتا ہے کہ اگرچہ پرائمری سطح پر کم لڑکیوں نے ترک تعلیم کی ہے، لیکن یہ اپر پرائمری سطح کے لیے درست نہیں ہے۔ تعلیم کی ثانوی سطح پر بھی لڑکوں (48.35 فیصد) کے مقابلے زیادہ لڑکیوں (51.65 فیصد) نے تعلیم چھوڑ دی۔ اعداد و شمار سے مزید پتہ چلتا ہے کہ 21,16,832 مسلم طلباء نے پرائمری، اپر پرائمری اور سیکنڈری سطحوں میں تعلیم چھوڑ دی، جن میں سے 56.33 فیصد (11,92,536) نے ابتدائی کلاسوں میں تعلیم چھوڑ دی۔
ایلیمنٹری میں 2020-21 اور 2021-22 کے درمیان مسلم طلباء کے ترک تعلیم کی تعداد زیادہ رہی۔ پرائمری کلاسوں میں، لڑکیوں (47.78 فیصد) کے مقابلے زیادہ لڑکے (52.22 فیصد) ڈراپ آؤٹ ہوئے اور دونوں کے درمیان فرق بہت زیادہ ہے اور اسکول چھوڑنے کے زیادہ واقعات کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
تعلیم چھوڑنے والے مسلم بچوں کی ریاست کی مخصوص تعداد سے پتہ چلتا ہے کہ کم از کم آٹھ ریاستوں میں ایک لاکھ سے زیادہ طلباء ہیں جنہوں نے 2020-21 اور 2021-22 کے درمیان ابتدائی اور ثانوی کلاسوں کو چھوڑ دیا تھا، جسے بہت بڑا سمجھا جاتا ہے۔ بڑی ریاستیں، جیسے بہار، مہاراشٹر، راجستھان، اتر پردیش اور مغربی بنگال، ہندوستان کے لیے 2030 تک یونیورسل اسکول ایجوکیشن کا درجہ حاصل کرنے کے لیے بہت اہم ہیں جیسا کہ این ای پی 2020 میں تصور کیا گیا ہے۔
تاہم، چند ریاستوں میں مسلم طالبات کی تعداد لڑکوں کے مقابلے میں کچھ کم ہے۔ مغربی بنگال (1,20,936 طلباء)، آسام (2,60,343 طلباء) اور اتر پردیش (4,01,214 طلباء) میں مسلم طلباء کی بڑی تعداد(لڑکے اور لڑکیاں دونوں) ابتدائی سطح کی تکمیل سے پہلے ہی اسکول چھوڑ گئے۔
ڈراپ آؤٹ کی شرح سے زیادہ، تعلیم کی ایک سطح سے دوسری سطح پر منتقلی کی شرح بھی سب کے لیے اسکولی تعلیم کی طرف بڑھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔جہاں 2019-20 میں 21 لاکھ مسلم طلباء نے اعلیٰ تعلیم کے لیے داخلہ لیا تھا، وہیں 2020-21 میں یہ تعداد گھٹ کر 19.21 لاکھ رہ گئی۔ یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس (UDISE ) اور آل انڈیا سروے آف ہائر ایجوکیشن (AISHE) کے اعداد و شمار کے تجزیہ سے تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020-21 میں 18-23 سال کی عمر کے مسلم طلباء کے اعلیٰ تعلیم میں داخلہ میں 8.5 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔جہاں 2019-20 میں 21 لاکھ مسلم طلباء نے اعلیٰ تعلیم کے لیے داخلہ لیا تھا، وہیں 2020-21 میں یہ تعداد گھٹ کر 19.21 لاکھ رہ گئی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن کے سابق پروفیسر ارون سی مہتا نے ہندوستان میں مسلم تعلیم کی حالت' نامی رپورٹ تیار کی۔رپورٹ کے مطابق '2016-17 میں 17,39,218 مسلم طلباء نے اعلیٰ تعلیم میں داخلہ لیا، 2020۔21 میں یہ تعداد بڑھ کر 19,21,713 ہوگئی۔ تاہم، 2020-21 میں، اعلیٰ تعلیم میں مسلم داخلہ کم ہو کر 19,21,713 تک رہ گیا جو کہ 2020۔21 طلباء کی اعداد و شمارسے ظاہر ہوتا ہے۔ مکمل طور پر 1,79,147 طلباء کی کمی، 'درج کی گئی داخلہ لینے والے طلباء کی کل تعداد کے مقابلہ میں اعلیٰ تعلیم میں داخلہ لینے والے مسلم طلباء کے فیصد میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی، جو کہ 2016-17 میں 4.87 سے کم ہو کر 2020-21 میں 4.64 ہو گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک اہم رجحان جو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں دیکھا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ 11 ویں اور 12 ویں جماعت میں مسلم طلباء کے داخلہ کا فیصد پچھلی کلاسوں کے مقابلے کم ہے۔ مسلم طلباء کی نمائندگی چھٹی جماعت سے بتدریج کم ہونے لگتی ہے اور یہ 11ویں اور 12ویں جماعت میں سب سے کم ہے۔
'جبکہ اپر پرائمری سطح [کلاس 6-8] میں 6.67 کروڑ [طلباء] کے کل اندراج کا تقریباً 14.42% مسلمان ہیں، یہ ثانوی سطح [کلاس 9-10] پر 12.62% تک کم ہو کر رہ گیا ہے اور اعلیٰ ثانوی سطح پر محض 10.76% رہ گیا ہے۔
بہار اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں مسلم طلبہ کے لیے مجموعی اندراج کا تناسب نسبتاً کم ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان ریاستوں میں بہت سے مسلم بچے ابھی بھی تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 18.64% مسلم طلباء نے اسکولوں سے ثانوی سطح پر داخلہ لیا، جو کہ تمام طلباء کے اسکول چھوڑنے کی شرح 12.6% سے زیادہ ہے۔آسام (29.52%) اور مغربی بنگال (23.22%) میں مسلم طلباء کے درمیان میں ہی تعلیم چھوڑنے کی اعلی شرح ریکارڈ کی گئی جب کہ جموں و کشمیر میں 5.1% اور کیرالہ میں 11.91% ریکارڈ کی گئی۔
مہاراشٹر کے ثانوی اسکولوں میں ڈراپ آؤٹ کی شرح میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی ایک قابل ذکر تعداد ناقص سہولیات، اساتذہ کی کمی اور اسکولوں کے دور دراز مقام کی وجہ سے تعلیم کو درمیان میں ہی چھوڑ دیتے ہیں۔تعلیمی سال 2024-25 کے لیے یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس کی رپورٹ کے مطابق، 12.6% لڑکے اور 10.3% لڑکیاں جنہوں نے 9 ویں اور 10 ویں جماعت میں داخلہ لیا تھا چھوڑ دیا ہے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔
ایک توجہ طلب پہلو یہ ہے کہ اعلی تعلیم میں مسلمان سب سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ ہندوستان میں مسلم آبادی کل آبادی کا 14.2فیصد ہے جب کہ اعلا تعلیم میں داخلہ پانے والے طلباء میں ان کا تناسب صرف4.4فیصد ہے۔ دس ہزار خواندہ افرد میں صرف 275گریجویٹ ہیں۔یہ شرح2.75 فیصد ہوتی ہے۔کل آبادی میں یہ شرح 1.25فیصد کے قریب ہے۔جب کہ جین فرقہ میں فی دس ہزار خواندہ افراد میں 2565 گریجویٹ ہیں۔ (شرح25.65فیصد)۔ فی دس ہزار خواندہ عیسائیوں میں یہ تعداد884،(8.84%) سکھوں میں 639، (6.39%) بودھوں میں 617 (6.17%) اور ہندوؤں میں 598 (5.89%) ہے۔ تعلیم کے اس منظرنامے کو سامنے رکھ کر ہمیں یہ غورکرنا چاہئے کہ سول سروسز اور دیگر سرکاری ملازمتوں میں ہماری شرح کم ہونے کے اسباب میں ہماری تعلیم سے غفلت کا کتنا بڑا حصہ ہے؟
اس قومی پس منظرمیں جب ہم مسلم اقلیت کی تعلیم کا جائزہ لیتے ہیں تو ہماری تشویش میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ سرکاری طور پر 2011کی مردم شماری کی بنیاد پر اس ضمن میں جو اعداد وشمارمنظرعام پر آئے ہیں ان سے مسلم تعلیم کی زبوں حالی ظاہر ہوتی ہے ۔ ہمارے ملک میں مسلم آبادی تقریباسواسترہ کروڑ ہے۔ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ان میں سے نصف سے کچھ زیادہ 57.3فیصد یعنی فی ہزار 573افراد ہی خواندہ ہیں۔ باقی 427 ناخواندہ ہیں۔ جب کہ مجموعی طورپر ہندوؤں میں ناخواندگی کی شرح 364فی ہزار، سکھوں میں 325، بودھوں میں 282، عیسائیوں میں 256 اور جین فرقہ میں صرف 136فی ہزار ہے۔
خواندگی ایک وسیع اصطلاح ہے جس کو "حرف شناسی" کہتے ہیں۔خواندہ وہ شخص ہے جوحروف کو پہچان لیتاہو، اپنا نام لکھ سکتا ہو اورجوڑگھٹا کا سادہ حساب رکھ سکتا ہو۔چنانچہ مسلم آبادی میں جن افراد نے قاعدہ یا ناظرہ سیپارہ پڑھ لیا، وہ خواندہ شمار ہوگا۔ خواندگی کے لئے کسی مدرسہ، مکتب یا اسکول میں جانا ضروری نہیں۔ مسلم آبادی میں فی ہزار 573 خواندہ افرادمیں پچاس ایسے ہوتے ہیں، جنہوں نے مدرسہ یا اسکول کی شکل نہیں دیکھی۔
اگر آپ غریب ہیں، آپ پڑھ نہیں سکتے... اگر آپ اسکول جاتے ہیں، تو یہ بند ہو جائے گا۔'یہ کوئی بے سر پیر کابیان نہیں سرکاری اعداد شمار یہی بتاتا ہے۔ وزارت تعلیم کا سرکاری ڈیٹا یہی بتاتا ہے۔ 2019 اور 2024 کے درمیان، ہندوستان بھر میں تقریباً 14,910 سرکاری اسکولوں کو یا تو بند کر دیا گیا ہے یا ضم کر دیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ بندش مدھیہ پردیش، اڈیشہ اور جموں و کشمیر میں ہوئی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ بہار اور راجستھان جیسی ریاستوں نے اسی مدت میں ہزاروں اسکولوں کا اضافہ کیا ہے۔ بہار نے 5,510 اور راجستھان نے 2,573 اسکولوں کا اضافہ کیا۔مدھیہ پردیش میں 5 سالوں میں سب سے زیادہ 6,972 اسکولوں کو بند یا ضم کردیا گیا۔ہے۔ کل ہند سطح پر دس لاکھ 32ہزار 570 سے کم ہوکر2019میں 10,17,666اسکول رہ گئےہیں ۔ 2024میں 14910اسکول بند ہوئے یعنی 1.44فیصد اسکول بند ہوئے۔
محکمہ ا سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کی طرف سےجاری کردہ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ جماعت اول سے 10 ویں تک کے 41.6% اسکولوں میں خصوصی ضروریات والے بچوں کے لیے مناسب بیت الخلاء نہیں ہیں۔ اس سے غریب اور اقلیتی طلباء بالخصوص دیہی علاقوں میں رہنے والے مسلمانوں پر مزید بوجھ پڑتا ہے۔
بہت سے مسلم طلباء کم آمدنی والے کنبوں سے آتے ہیں اور اعلیٰ تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ 'اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے، مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے مستحق طلبہ کو مالی امداد اور تعاون فراہم کرنا ضروری ہے۔ مسلم طلبہ کے لیے واضح طور پر مختص کردہ وظائف، گرانٹس اور مالی امداد کے مواقع کی تعداد کو بڑھانا مالی بوجھ کو نمایاں طور پر کم کر سکتا ہے اور زیادہ مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
یو این آ ئی۔ ع ا۔