NationalPosted at: Oct 10 2024 7:11PM رتن ٹاٹا کی وراثت صنعتی شعبے کی قیادت کرنے والوں کی رہنمائی کرتی رہے گی: شاہ
نئی دہلی، 10 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مشہور صنعت کار رتن ٹاٹا کی وراثت طویل عرصے تک ملک کے صنعتی شعبے کی قیادت کرنے والوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
مسٹر شاہ نے ممبئی میں مسٹر رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر آج یہ بات کہی۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی آنجہانی رتن ٹاٹا کے جسد خاکی پر پھول پیش کئے۔
مسٹر رتن ٹاٹا کا بدھ کو ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی آخری رسومات آج شام ورلی کے شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔
مسٹر شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا "رتن ٹاٹا جی کو ہمیشہ حب الوطنی اور ایمانداری کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ رتن ٹاٹا جی نے ٹاٹا گروپ کو دنیا بھر میں ایک معزز صنعت کار کے طور پر عالمی شہرت دلائی۔ رتن ٹاٹا جی کی زندگی اور قوم کے تئیں ان کی وابستگی ہندوستان کے صنعتی منظر نامے میں ایک قطب ستارے کی مانند ہے۔ رتن ٹاٹا نے صاف ستھری کارپوریٹ گورننس کی مشق کرتے ہوئے، قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اور ٹاٹا ٹرسٹ کے ذریعے ایک بہتر معاشرہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ٹاٹا گروپ کی قیادت کی۔ رتن ٹاٹا جی کی وراثت آنے والے طویل عرصے تک ملک کے صنعتی شعبے کی قیادت کرنے والوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
ایک دیگر پوسٹ میں مسٹر شاہ نے کہا "رتن ٹاٹا جی نے اپنی ساری زندگی قوم کی ترقی کے لیے وقف کر دی۔ جب بھی وہ رتن ٹاٹا جی سے ملے، ہندوستان اور اس کے لوگوں کی بہتری کے لیے ان کے جوش اور عزم نے انھیں حیران کر دیا۔ ہمارے ملک اور اس کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے عزم نے لاکھوں خوابوں کو جنم دیا۔ "وقت مسٹر رتن ٹاٹا جی کو ان کے پیارے ملک سے نہیں چھین سکتا اور وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔"
یو این آئی ۔ ع خ