RegionalPosted at: Sep 11 2024 11:56AM رام دیورا مندر کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی
جیسلمیر، 11 ستمبر (یو این آئی) راجستھان میں جیسلمیر کے رام دیورا قصبے میں منعقدہ بابا رام دیورا میلے کے دوران رام دیو مندر کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔
منگل کی رات پوکھرن ریلوے اسٹیشن کی ٹکٹ کھڑکی پر ایک شخص نے پرچی چھوڑ کر رام دیورا مندر کو مندر میں چڑھائے جانے والے کپڑے کے گھوڑے میں بم لگا کر دھماکے سے اڑا دینے کی دھمکی دی۔ جس کے بعد پولس سمیت تمام سکیورٹی ادارے الرٹ ہو گئے ہیں۔
اس کے بعد پولس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پورے رام دیورا میلے کو گھیرے میں لے لیا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر سخت حفاظتی تلاشی شروع کی اور نگرانی بڑھا دی۔
پولس سپرنٹنڈنٹ سدھیر چودھری نے بتایا کہ منگل کی رات ضلع کے پوکھرن ریلوے اسٹیشن کی ٹکٹ کھڑکی پر کسی نے پرچی چھوڑی جس میں لکھا تھا کہ رام دیورا مندر میں چڑھائے جانے والے کپڑے کے گھوڑے میں بم رکھا گیا ہے جس سے رام دیورا مندر کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔ جب یہ دھمکی آمیز پرچی ٹکٹ ماسٹ سے جی آر پی کے ذریعے پولس تک پہنچی تو پولیس نے اسے سنجیدگی سے لیا اور پورے علاقے میں نگرانی بڑھا دی۔ عقیدت مندوں کی طرف سے لائے گئے کپڑوں کے گھوڑوں کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے علاقے میں نگرانی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سادہ کپڑوں میں پولس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی تعینات کیا گیا ہے جو کہ مکمل چھان بین کے بعد عقیدت مندوں کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت دے رہے ہیں۔ اگرچہ یہ دھمکی کسی شرارتی عنصر کا کام ہو سکتا ہے، لیکن پولس اسے ہلکے میں نہیں لے رہی ہے اور میلے کی سرگرمی کو یقینی بنانے کے لیے پوری چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ جیسلمیر کے رام دیورا قصبے میں گزشتہ 5 ستمبر سے بین الاقوامی رام دیورا میلہ جاری ہے، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے لاکھوں عقیدت مند بابا رام دیو کی سمادھی کے درشن کرنے آ رہے ہیں۔
یو این آئی۔ م ش۔