OthersPosted at: Sep 24 2016 10:12PM کیرالہ میں بی جے پی کارکنوں کی قربانی بیکار نہیں جائے گی: مودی
كوزی كوڈ، 24 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کیرالہ میں بائیں بازو کے سیاسی تشدد کے شکار جن سنگھ، بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کے کارکنوں کی قربانی بیکار نہیں جائے گی اور پارٹی کیرالہ کی قسمت تبدیل کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ شمالی کیرالہ کے تاریخی شہر كوزی كوڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قومی کونسل کی میٹنگ میں حصہ لینے آئے مسٹر مودی نے یہاں شہر کے سمندری ساحل پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیرالہ میں جن سنگھ، بی جے پی اور سنگھ پریوار کے سینکڑوں کارکنوں نے مظالم سہے اور قربانی دی ہیں۔ اقتدار کا کوئی امکان نہ ہونے کے باوجود وہ ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور اپنے نظریے کے لئے قربان ہو گئے۔ انہوں نے قربانی دینے والے کیرالہ کے کارکنوں کو پورے ملک میں بی جے پی کارکنوں کیلئے ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کیرالہ کے کارکنوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ان کی تپسیا، ان پر ہوئے تشدد اور ان کی قربانی بیکار نہیں جائے گی۔ اسی سے کیرالہ کی قسمت بدلے گی اور بی جے پی کیرالہ کی قسمت تبدیل کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ میں ہندوستان کی نمبر ایک ریاست بننے کی صلاحیت ہے۔ہم نے اسے اور طاقت دینا چاہتے ہیں۔ مرکز کی حکومت کیرالہ کو طاقت دینے کے لئے ہمیشہ تیار رہے گی۔ یو این آئی۔س ا