OthersPosted at: Sep 10 2024 10:14AM امریکہ میں اسٹالن نے 2500 کروڑ سے زائد روپے کی سرمایہ کاری کے مزید تین مفاہمت نامے پر دستخط کیے
چنئی، 10 ستمبر (یو این آئی) تمل ناڈو حکومت نے ریاست میں 2,500 کروڑ سے زائد روپے کی سرمایہ کاری کے لیے سرکردہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ منگل کے روز مزید تین مفاہمت ناموں پر دستخط کیے۔ اس سے 5000 سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے۔
وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کی موجودگی میں ان مفاہمت ناموں پ دستخط کیے گئے، جو ریاست میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے امریکہ کے دورے پر ہیں تاکہ تمل ناڈو کو 2030 تک کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔
حکومت نے تروچیراپلی میں 2,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کے لیے عالمی کمپنی جبیل کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں، جس سے 5000 ملازمتیں پیدا ہوں گی اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کے لیے ایک نیا کلسٹر قائم ہو گا۔
دیگر دو معاہدوں پر کانچی پورم میں مینوفیکچرنگ یونٹ کو وسعت دینے کے لیے 666 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ 365 ملازمتوں کا اضافہ کرنے اور آٹوڈیسک کے ساتھ ایم ایس ایم ای اور اسٹارٹ اپس کے لیے مجموعی صنعتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے دستخط کیے گئے ہیں۔
مسٹر اسٹالن نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، "تمل ناڈو کی صنعتی ترقی کے لیے اہم سرمایہ کاری حاصل ہوچکی ہے!"
مسٹر اسٹالن نے اپنے امریکی دورے کا آغاز سان فرانسسکو سے کیا جہاں آٹھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے اور اس کے بعد وہ فی الحال شکاگو کے دورے پر ہیں جہاں وہ تمل باشندوں سے ملاقات اور بات چیت کے علاوہ روزانہ مفاہمت ناموں پر دستخط کر رہے ہیں۔
یو این آئی۔ م ش۔