NationalPosted at: Sep 10 2024 6:56PM آپ حکومت مدراسی کیمپ میں ایک بھی کچی بستی کو منہدم نہیں ہونے دے گی: سسودیا
نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (آپ) کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے منگل کو کہا کہ جب تک دہلی میں آپ کی حکومت ہے، کسی کو بے گھر نہیں ہونے دیا جائے گا یہاں پرانا بارہ پولا کے قریب مدراسی کیمپ میں رہنے والے لوگوں سے ملاقات کے بعد مسٹر سسودیا نے کہا 'بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پوری دہلی میں دہشت پیدا کر دی ہے بی جے پی لیفٹیننٹ گورنر سے کہکر افسروں کو ڈراتی ، دھمکاتی ہے اور انہیں نوٹس بھیجتی ہے اس کے بعد بی جے پی والے خود آکر مظاہرہ کرتے ہیں۔
مسٹر سسودیا نے کہا کہ لوگ 50-60 سال سے زیادہ عرصے سے مدراسی کیمپ میں رہ رہے ہیں۔ بازآبادکاری اور بحالی کا کوئی انتظام کیے بغیر ان لوگوں کو بے گھر نہیں کیا جا سکتا، یہاں کسی بھی طرح کی انہدامی کارراوائی بالکل غلط ہے۔ عام آدمی پارٹی ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ان کی کچی بستیوں کو اس طرح گرنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے ' ایکس ' پر لکھا 'بلڈوزر کے ذریعے کچی آبادیوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔ دہلی کے مدراسی کیمپ کی کچی بستیوں میں رہنے والے ہزاروں لوگ دہلی کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ اگر لیفٹیننٹ گورنر اور بی جے پی نے ان کے مکانات کو ہٹانے یا گرانے کی کوشش کی تو ہم اسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ ہم ان لوگوں کے گھروں کو بچانے کے لیے آمریت کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔ چاہے اس کے لیے عدالت میں لڑنا پڑے یا سڑک پر۔
مسٹر سسودیا نے مزید کہا کہ عام آدمی کی حکومت نے ضرورت مندوں کے سروں پر چھت فراہم کی ہے اور لوگوں کو رہائش فراہم کی ہے۔ بچوں کو مفت بجلی، پانی اور بہتر تعلیم فراہم کی۔ لیکن بی جے پی نے صرف لوگوں کے آباد مکانوں کو گرایا ہے۔ تعلیم کا معیار بد سے بدتر کیا ہے۔ ہم اس کے خلاف عدالت سے لیکر سڑک تک لڑیں گے۔
یو این آئی ۔ع خ