NationalPosted at: Sep 10 2024 6:49PM صدر جمہوریہ نے دہلی میں صدر راج نافذ کرنے سے مطالبہ پر مبنی ایک میمورنڈم مرکزی داخلہ سکریٹری کو بھیجا
نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قید سے پیدا ہونے والے آئینی بحران کے پیش نظر عام آدمی پارٹی (آپ ) کی حکومت کو برخاست کرنے اور قومی دارالحکومت دہلی میں صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک میمورنڈم مرکزی داخلہ سکریٹری کو بھیج دیا ہے دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور دہلی بی جے پی کے سینئر لیڈر وجیندر گپتا نے منگل کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا "دہلی میں مسلسل آئینی خلاف ورزیوں اور حکمرانی کی ناکامیوں کی وجہ سے میرے ساتھ بی جے پی کے تمام اراکین اسمبلی نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو حل کریں۔ انہوں نے 30 اگست کو محترمہ مرمو سے ملاقات کی اور دہلی حکومت کی ناکامیوں پر مشتمل ایک میمورنڈم انہیں پیش کیا۔ میمورنڈم کا نوٹس لیتے ہوئے صدر نے اسے مناسب کارروائی کے لیے مرکزی داخلہ سکریٹری کو بھیج دیا ہے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ عام آدمی پارٹی کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی جس نے اقتدار میں رہنے کا اپنا اخلاقی حق کھو دیا ہے۔ ‘‘
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ایکسائز پالیسی سے متعلق ایک معاملے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کے گزشتہ پانچ ماہ سے جیل میں بند ہونے کی وجہ سے راجدھانی میں کام نہیں ہو پارہا ہے اور کئی مسائل پر آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
اس میمورنڈم پر بی جے پی کے تمام آٹھ ممبران اسمبلی نے دستخط کیے ہیں۔ خط میں صدر سے اس معاملے میں مداخلت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یو این آئی ۔ ع خ