NationalPosted at: Nov 11 2024 9:25PM منی پور میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تصادم میں 10 جنگجو مارے گئے
نئی دہلی/امپھال 11 نومبر (یو این آئی) منی پور کے جیری بام ضلع میں پیر کو سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ساتھ تصادم میں 10 جنگجو مارے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ تصادم دوپہر 3:00 بجے کے قریب اس وقت ہوا جب مسلح جنگجوؤں نے جیری بام ضلع کے جاکورادھور اور بوروبیکارا پولیس اسٹیشنوں میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی چوکی پر حملہ کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں 10 مسلح دہشت گرد مارے گئے۔ سی آر پی ایف اور سول پولیس نے اس حملے کا سخت جواب دیا۔ تقریباً 40 سے 45 منٹ کی شدید فائرنگ کے بعد صورتحال پر قابو پایا جا سکا۔ فائرنگ بند ہونے کے بعد علاقے کی تلاشی لی گئی اور دس مسلح دہشت گردوں کی لاشیں اور اسلحہ اور گولہ بارود (تین اے کے رائفلز، چار ایس ایل آر، دو انساس، ایک آر پی جی) برآمد کیا گیا۔
سی آر پی ایف کے ایک کانسٹیبل سنجیو کمار کو حملے کے دوران گولی لگی تھی اور اسے آسام کے سلچر میڈیکل کالج لے جایا گیا تھا جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔ واقعہ کے سلسلے میں فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔
جیری بام ضلع کے بوروبیکارا پولیس اسٹیشن کے تحت جاکورادھور اور اس کے آس پاس مسلح دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ آسام رائفلز، سی آر پی ایف اور سول پولیس کی ٹیمیں وہاں بھیجی گئی ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا