NationalPosted at: Jan 19 2025 2:39PM کیجریوال پر کوئی حملہ نہیں ہوا: ورما

نئی دہلی، 19 جنوری (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے امیدوار پرویش ورما نے دعویٰ کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال پر کوئی حملہ نہیں ہوا ہے، بلکہ وہ عوام سے سوالات سے بچنے کے لیے تقریب کے مقام سے بھاگ گئے تھے۔
مسٹرورما نے اتوار کی صبح صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرکیجریوال نئی دہلی اسمبلی حلقے سے انتخاب ہار رہے ہیں، اس لیے انہوں نے حملے کی جھوٹی کہانی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 سال کی اسمبلی کی رکنیت کے بعد بھی مسٹرکیجریوال جب نئی دہلی اسمبلی حلقے میں انتخابی مہم چلانے جاتے ہیں تو وہاں لوگ سوال پوچھتے ہیں اور سوالات کے جواب دینے کے بجائے وہ بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کی انتخابی مہم پنجاب سے ملنے والے فنڈز اور کارکنوں پر چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ (مسٹر کیجریوال) نہیں چاہتے کہ مسز آتشی، مسٹر منیش سسودیا یا مسٹر سوربھ بھاردواج الیکشن جیتیں، اس لئے وہ انہیں انتخابی مہم سے دور رکھتے ہیں اور کانفرنسوں اور میٹنگوں میں مصروف رہتے ہیں۔
اس دوران دہلی بی جے پی کے میڈیا انچارج پروین شنکر کپور، پارٹی ترجمان ڈاکٹر ممتا گیاگی موجود تھے۔ مسٹرکپور نے کہا کہ مسٹرورما نئی دہلی اسمبلی سے انتخاب جیت رہے ہیں اور دہلی میں بی جے پی کی بڑی فتح کا باعث بن رہے ہیں۔
یواین آئی۔ م س