RegionalPosted at: Aug 9 2024 12:28PM شری امرناتھ جی یاترا: بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 398 یاتریوں کا تازہ قافلہ کشمیر روانہ
جموں، 9 اگست (یو این آئی) شری امرناتھ جی یاترا کا سلسلہ جاری رہتے ہوئے جمعہ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے قریب چار سو یاتریوں کا ایک اور قافلہ سخت سیکورٹی حصار میں کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔دریں اثنا جموں سے شری بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے 7 سو 33 یاتریوں کا قافلہ پونچھ کے لئے روانہ ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعہ کی صبح 3 سو 98 یاتری 14 گاڑیوں میں کشمیر کے لئے روانہ ہوئے۔
بتادیں کہ 29 جون سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک 5 لاکھ سے زیادہ یاتری کشمیر میں 3 ہزار 8 سو 80 فٹ کی اونچائی پر واقع پوتر گھپا کے درشن سے فیضاب ہوئے ہیں اور اس طرح سال گذشتہ کی یاترا کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔سال گذشتہ کی یاترا جو 62 دنوں پر محیط تھی، کے دوران صرف ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے یاترا انجام دی تھی۔سال گذشتہ شری امرناتھ جی یاترا 30 جون سے شروع ہو کر 31 اگست کو اختتام پذیر ہوئی تھی۔ادھر جمعہ کی صبح جموں سے شری بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے 7 سو 33 یاتری 17 گاڑیوں میں پونچھ کے لئے روانہ ہوئے۔
یہ یاترا 7 اگست سے شروع ہوئی اور 20 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔پونچھ کے منڈی علاقے میں واقع بھگوان شیو کے نام وقف بابا بڈھا امرناتھ مندر جموں کے قدیم ترین مندروں میں شمار کیا جاتا ہے۔اگرچہ اس مندر میں سال بھر عقیدت مندوں کا آنا جانا رہتا ہے تاہم یاترا کے دوران یاتریوں کی غیر معمولی بھیڑ رہتی ہے۔
یو این آئی ایم افضل